Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ممبئی میں مون سون کی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے 23 افراد ہلاک

اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز انڈیا  کے شہر ممبئی میں مون سون کی موسلا دھار بارش کے باعث ایک بڑی دیوار گرنے سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔(فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والی تباہی میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز انڈیا  کے شہر ممبئی میں مون سون کی موسلا دھار بارش کے باعث ایک بڑی دیوار گرنے سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
شہری حکام نے بتایا کہ اس دوران بارش کا پانی ایک واٹر پیوری فیکیشن کمپلیکس میں داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر حصوں میں پانی کی ترسیل متاثر ہوئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ای ڈی آر ایف) نے بتایا ہے کہ  اتوار کے صبح شہر کے مشرقی حصے میں ایک درخت کے گرنے کی وجہ سے دیوار منہدم ہو گئی جس کے نیچے کئی لوگ دب گئے۔ سترہ لاشیں ملنے سے نکال لی گئی ہیں جبکہ علاقے میں ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے۔
فیروز خان نامی ایک مقامی شخص نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’برابر والے گھر میں ایک بچی ملبے تلے دبی ہوئی تھی اور ’مجھے بچاؤ  مجھے بچاؤ‘ کی آوازیں لگا رہی تھی۔ وہ کیچڑ میں پھنس چکی تھی ، میں نے اسے کھینچ کر باہر نکالا۔ اس کی بچی کی ٹانگوں میں چوٹیں آئی ہیں۔‘
ایک اور رہائشی خاتون منڈا گوتم پرادھان نے بتایا کہ ’میں نے پہاڑ سے بارش کے پانی کے ساتھ بھاری پتھروں اور مٹی کےتودوں کو پھلستے ہوئے دیکھا۔‘
این ڈی آر ایف نے مزید بتایا کہ اتوار کی صبح کو شہر کے شمال مشرق میں واقع وکھرولی کے نواح میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مکانات تباہ ہو گئے اور کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ممبئی شہر کے ایک علاقے میں عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ برس ستمبر میں ممبئی شہر کے قریب واقع بھیوانڈی کے علاقے میں ایک تین منزلہ عمارت کے زمیں بوس ہونے کی وجہ سے 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سےاپنی ایک ٹویٹ میں تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی مالی اعانت کی جائے گی۔

شیئر: