Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام کی خواتین کارکنان حاجنوں کو زمزم پیش کرنے لگیں

خواتین کارکنان مسجد الحرام میں مختلف خدمات انجام دے رہی ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
مسجد الحرام و مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی نے کہا ہے کہ اس کی خواتین کارکنان نے حاجنوں میں عید کے دوسرے دن 40 ہزار سے زیادہ زمزم کی بوتلیں تقسیم کیں-
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام ادارے کی اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے خواتین انتظامی و خدمات امور ڈاکٹر کامیلیا بنت محمد الدعدی نے کہا کہ حرم شریف میں آنے والی حاجنوں میں زمزم کی بوتلیں تقسیم کرنے کا عمل جاری رہے گا- انہوں نے کہا کہ خواتین کارکنان مسجد الحرام کے کونے کونے میں  حاجنوں کو زمزم کی سہولت مہیا کررہی ہیں-
ڈاکٹر کامیلیا نے بتایا کہ وہ مسجد الحرام آنے والی خواتین کو نہ صرف زمزم مہیا کررہی ہیں بلکہ انہیں راستوں کے حوالے سے اور دیگر معلومات بھی فراہم کررہی ہیں- انہوں نے مزید بتایا کہ کارکن خواتین مسجد الحرام میں نہ صرف زمزم کی تقسیم کا کام انجام دے رہی ہیں بلکہ وہ خواتین کے حصے میں صفائی اور اسی طرح کے دیگر کام بھی کر رہی ہیں-
ڈاکٹر کامیلیا نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ حجاج کرام کے تمام حج شعائر احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچ گئے-
واضح رہے کہ مسجد الحرام میں روبوٹ کے ذریعے بھی زمزم کی فراہمی کا پروگرام حج سے قبل شروع کیا جاچکا ہے-
 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: