Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ملائیشیا کو ایک ملین کورونا ویکسین اور طبی سامان فراہم کرے گا

شاہ سلمان نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ملائیشیا کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کےمطابق شاہ سلمان نے کنگ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کو ہدایت کی ہے کہ ’برادر ملک ملائیشیا کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ضروری طبی سامان کی ترسیل کی جائے‘۔
’یہ طبی امداد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر کی جارہی ہے جن سے ملیشیا کے وزیر برائے خارجہ امور ہشام الدین حسین نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران امداد کی اپیل کی تھی‘۔
دریں اثنا کنگ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب  ہمیشہ دوست ممالک کی مدد کے لیے انسانی کردار ادا کرتا رہا ہے‘۔
’شاہ سلمان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ملائیشیا  کو کورونا ویکسین کی دس لاکھ خوراکوں کے علاوہ مختلف قسم کا طبی سامان اور ادویہ ارسال کی جائیں گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ملائیشیا کے وزیر برائے خارجہ امور کے تعاون سے کورونا ویکسین تیار کرنے والی کسی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا جس براہ راست ویکسین کی کھیپ وہاں ارسال کرے گی‘۔
ڈاکٹر الربیعہ نے ملائیشیا کو طبی سامان کی امداد فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شیئر: