Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری پابندیوں کو نرم کرنے پر کام کر رہے ہیں: سعودی وزیر خارجہ

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ’کورونا وبا کی وجہ سے لگنے والی سفری پابندیوں کو نرم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔‘
منگل کے روز اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ان چیلنجز کے بارے میں بات کی ہے جن کا ہم سب کووڈ 19 کی وجہ سے سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اس وبا کا سامنا بہتر طور پر کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کی معیشت میں حصہ ڈالنے والے پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے مزید امکانات پیدا کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی حکومت نے شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے اپنے وعدے کے مطابق وہاں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کے 17 لاکھ افراد کو مفت کورونا ویکسین لگائی ہے۔  ‘
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’یہ میرا اسلام آباد کا دوسرا دورہ ہے۔ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے گرم جوش خیر مقدم اور میزبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

شیئر: