Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باحہ جسے قدیم زمانے میں ’حجاز کا پارک‘ کہا جاتا تھا

یہاں ہفتے کے چار دنوں میں 25 عوامی بازار لگتے ہیں (فوٹو: العربیہ)
سعودی انجینیئر ھانی رجب نے اپنے وطن سے پیار کا اظہار سپیشل ویب سائٹ ’آؤ باحہ دریافت کریں‘ قائم کرکے کی ہے۔
ھانی رجب کو باحہ سے دیوانگی کی حد تک پیار ہے۔ ہر وقت اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ باحہ کے قابل دید سیاحتی، تاریخی، ثقافتی مقامات سے دنیا بھر کے لوگوں کو متعارف کرایا جائے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ھانی رجب سے پوچھا گیا کہ آپ نے ’آؤ باحہ دریافت کریں‘ کے عنوان سے سپیشل ویب سائٹ کیوں قائم کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ باحہ سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور دنیا بھر کے لوگوں میں سیاحتی مرکز کے طور پر اپنی پہچان بنائے۔‘  

سرکاری اداروں کو بھی اس تعارفی مہم میں شریک کیا جا رہا ہے (فوٹو: العربیہ)

یہ خواب اسی وقت پورا ہوسکتا ہے جب باحہ کی خوبیاں اور اس کے خوبصورت نیز تاریخی مقامات دنیا بھر کی نظر میں آئیں۔ باحہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ پرفضا مقام ہے۔ یہاں سیر و سیاحت کے لیےآنے والے مختلف حوالوں سے خوشی محسوس کرتے ہیں۔ 
ھانی رجب نے بتایا کہ سعودی نوجوانوں کی ایک ٹیم باحہ کے چھپے خزانے کو سامنے لا رہی ہے۔ یہاں کے تاریخی مقامات کے جمالیاتی پہلوؤں اور سحرآفریں قدرتی مناظر جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے متعارف کرا رہے ہیں۔ سرکاری اور نجی اداروں کو بھی اس تعارفی مہم میں شریک کیا جا رہا ہے۔ 
 باحہ صوبہ نو کمشنریوں اور  42 تحصیلوں پر مشتمل ہے۔ یہاں 1200 قریے ہیں۔ قدیم زمانے میں اسے (حدیقہ الحجاز) ’حجاز کا پارک‘ کہا جاتا تھا۔ 
ھانی رجب نے کہا کہ باحہ میں کئی تاریخی مقامات ہیں۔ یہاں عوامی طرز کے متعدد بازار لگتے ہیں۔ باحہ کی دستی مصنوعات اپنی ایک پہچان بنا چکی ہیں۔ یہاں ہفتے کے چار دن میں 25 عوامی بازار لگتے ہیں۔ یہاں قلعے، تاریخی عمارتیں، چھاؤنیاں، گھنے جنگلات اور قدرتی تفریح گاہیں کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ 
باحہ میں 40 سے زیادہ جنگلات ہیں۔ یہاں سے تاریخی شاہراہ جسے ’درب الفیل‘ یعنی ہاتھیوں کا راستہ بھی گزرتی ہے۔ یہاں الموسیٰ تاریخی قریے میں رصد گاہ ہے، جس کی مدد سے کھیتی باڑی کے موسم کی شروعات کا پتہ کیا جاتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: