Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان کے راکٹ حملے میں قندھار ایئرپورٹ کا رن وے متاثر، پروازیں منسوخ

کابل میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے بھی قندھار ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کی تصدیق کی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
افغانستان میں طالبان کے راکٹ حملے میں قندھار ایئرپورٹ کا رن وے متاثر ہوا ہے جس کے بعد تمام پروازیں منسوخ کی گئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو حکام نے بتایا کہ جنوبی افغانستان کے شہر قندھار میں طالبان نے ایئر پورٹ پر تین راکٹ فائر کیے۔

 

ایئر پورٹ کے چیف مسعود پشتون نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’گزشتہ رات ایئر پورٹ پر فائر کیے گئے تین راکٹس میں سے دو نے رن وے کو نقصان پہنچایا جس کے بعد تمام پروازیں منسوخ کی گئیں۔‘
ایئر پورٹ چیف کے مطابق رن وے کی بحالی کا کام جاری ہے اور اتوار کی رات تک ایئر پورٹ کو آپریشنل کر دیا جائے گا۔
کابل میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے بھی قندھار ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا بمباری کے جواب میں کیا گیا۔
خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران قندھار کے نواح میں کئی علاقوں میں پیش قدمی کی ہے جس کے بعد یہ خدشہ پیدا ہوا کہ وہ صوبے کے مرکزی شہر پر قبضے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق قندھار ایئر بیس جنگجوؤں کو ملک کے دوسرے بڑے شہر پر قبضے سے روکنے کے لیے افغان فورسز کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
قندھار ایئر پورٹ پر حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب طالبان جنگجو ملک کے دیگر دو صوبوں کے مرکزی شہروں ہرات اور لشکر گاہ پر قبضے کے قریب ہیں۔

شیئر: