Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نایاب سعودی باز 2 لاکھ 70 ہزار ریال میں فروخت

 نیلامی میں سب سے بڑی بولی سعودی شہری نے دی تھی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں فالکن کی بین الاقوامی نیلامی میں عرب نژاد نایاب قسم کا سعودی باز 2 لاکھ  70 ہزار ریال میں فروخت ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شمالی ریاض کے ملھم مقام پر نیلامی میں سب سے بڑی بولی سعودی عرب کے نایاب باز کے لیے لگائی گئی۔
سعودی باز کو مشرق وسطی کا مہنگا ترین باز تسلیم کیا گیا ہے۔ اس کا تعلق العرادی فارم سے ہے۔ یہ ساڑھے 17 انچ لمبا اور تقریبا 17 انچ چوڑا ہے۔ اس کا وزن 1105 گرام ہے۔

حوبصورت ترین باز کے مالک کو تین لاکھ ریال کا انعام ملے گا(فوٹو ایس پی اے)

 نیلامی میں سب سے بڑی بولی سعودی شہری متعب منیر العیافی نے 2 لاکھ 70 ہزار ریال کی دی تھی۔
سعودی شہری نے مہنگا ترین باز خرید کر خوبصورت ترین فالکن کے مقابلے میں اپنی شرکت مضبوط بنا لی۔ حوبصورت ترین باز کے مالک کو تین لاکھ ریال کا انعام ملے گا جبکہ دوسرا ایوارڈ دو لاکھ اور تیسرا ایک لاکھ ریال کا ہے۔
 متعب منیرالعیافی نے بتایا کہ باز پالنے کا شوق اسے خاندان سے ورثے میں ملاہے۔ خاندان کے افراد باز پال کر ان سے شکار کرتے رہے ہیں۔
سعودی شہری کا کہنا ہے کہ وہ گھڑ سواری کا بھی شوقین ہے۔ خوبصورت گھوڑوں کے مقابلے میں بھی ایوارڈ بھی جیتے ہیں۔

شیئر: