Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر انوشکا سے نہ ملا ہوتا تو نہیں معلوم کہاں ہوتا: وراٹ کوہلی

وراٹ کوہلی نےیہ بھی بتایا کہ ان کی بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے (فوٹو: وراٹ کوہلی انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور انڈیا کے معروف بلے باز وراٹ کوہلی کی جوڑی جنہیں ’ہیپی کپل‘ کی بہترین مثال کہا جاتا ہے، ان دنوں لندن میں بہترین وقت گزار رہے ہیں۔ ویسے تو دونوں سپر سٹارز ایک دوسرے سے محبت کے اظہار کا کوئی موقع نہیں جانے دیتے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی آپس میں کیمسٹری کتنی بہترین ہے۔
لیکن حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے ان کا معیار بلند کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔
کھیلوں سے متعلقہ خبروں کی ویب سائٹ سکائی سپورٹس کو انٹرویو میں وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’اگر میں انوشکا سے نہ ملا ہوتا تو مجھے نہیں معلوم میں کہاں ہوتا۔ انہوں نے مجھے اس بات پر یقین کرنا سکھایا کہ میں کہاں ہوں اور میں جو کرتا ہوں اس کا کیا اثر پڑتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انوشکا نے میری مشکلات کم کیں، میں ان جیسے ساتھی کا ساتھ پانے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔‘
وراٹ کوہلی نے یہ بھی بتایا کہ کیسے ان کی بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے تو یہ کہ اسے سلا کر ہم ناشتہ کرتے ہیں، اور جو وقت ملتا ہے اس میں کافی پیتے ہیں۔ پھر واپس کمرے میں آ کر دوبارہ ہم اپنی بیٹی کے ساتھ ہوتے ہیں۔‘
سنہ 2013 میں انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی پہلی ملاقات ہوئی اور یہ ملاقات شیمپو کے ایک اشتہار کی شوٹنگ پر ہوئی جس میں دونوں ماڈلنگ کر رہے تھے۔
جیسے ہی یہ اشتہار آن ایئر ہوا کرکٹ اور بالی وڈ فینز نے حیرانی کا اظہار کرنا شروع کر دیا کہ شاید ان دونوں کی آن لائن کیمسٹری کے پیچھے کوئی راز چھپا ہے۔ 
انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی شادی 11 دسمبر 2017 کو ہوئی تھی اور ان کے ہاں رواں برس جنوری میں بیٹی وامِکا کی پیدائش ہوئی۔ 

شیئر: