Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈیرے خبرے مے پہ زڑہ وے‘، پشتو کے ممتاز گلوکار گلریز تبسم انتقال کر گئے

پشتو کے ممتاز گلوکار گلریز تبسم انتقال کر گئے، جس پر فنکاری برادری، فینز اور سیاسی شخصیات دکھ کا اظہار کر رہی ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے سے علیل تھے، ان کی نماز جنازہ پشاور کے کاکا خیل ٹاؤن نمبر ون میں ادا کی گئی اور بعدازاں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے گلریز تبسم قریباً پانچ دہائیوں تک فن گائیکی سے وابستہ رہے۔
انہوں نے پشتو موسیقی کو نئی جہتوں سے بھی روشناس کرایا اور سٹیج پر فن کے جوہری دکھانے کے ساتھ ریڈیو، ٹی وی اور فلموں کے لیے سینکڑوں گانے ریکارڈ کرائے۔
وہ اپنے منفرد انداز اور آواز کی وجہ سے مداحوں کے لیے گہری دلچسپی کا باعث تھے۔
وہ کسی خاص طبقے تک محدود ہونے کے بجائے تمام ہی سننے والوں کے پسندیدہ تھے اور آج کی جین زی تک بھی ان کو پسند کرتی ہے۔
انہوں نے پشتو موسیقی کی تمام اصناف میں فن کا مظاہرہ کیا جن میں روایتی ٹپے، غزلیں، فلمی گانے اور نظمیں شامل تھیں۔
فن کے خدمات کے اعتراف کے طور پر ان کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
انہوں نے پشتو موسیقی کو مقبول بنانے اور اسے فروغ دینے کیلئے طویل عرصے تک خدمات انجام دیں تاہم علالت کی وجہ سے چند سال سے موسیقی سے دور تھے۔
ان کے مشہور گانوں میں ’تا چا تہ کتل‘، زہ پہ برہ زما، ڈیرے خبرے مے پہ زڑہ وے اور دوسرے بے شمار شامل ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان کے انتقال گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال سے پشتو موسیقی ایک ممتاز فنکار سے محروم ہو گئی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی گلریز تبسم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے پشتو موسیقی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر بھی فینز ان کے حوالے سے پوسٹس کر رہے ہیں اور ان کے گانوں کے ٹکڑے بھی ایک دوسرے کو بھجوا رہے ہیں۔

شیئر: