Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل میں افراتفری، امریکی طیارے پر 640 شہری سوار

کابل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے امریکی طیارے سی-17 میں 640 افغانی شہریوں کے سفر کی تصویر اس وقت دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق پیر کو امریکی ایئر فورس کا ٹرانسپورٹ طیارہ سی-17 بحفاظت 640 افغان شہریوں کو ملک سے باہر  لے جانے میں کامیاب ہو گیا۔ 
رپورٹس کے مطابق کابل سے قطر جانے والی اس پرواز میں یہ سب سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کے یہ نیا ریکارڈ ہے۔ اس طیارے کا کال سائن ریچ 871 ہے۔
امریکی دفاعی حکام کے مطابق اس طیارے میں 640 کے قریب افغان شہری سوار تھے، جو کہ بہت بڑی تعداد ہے۔ پرواز کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق یہ طیارہ 436 ایئر ونگ ڈیلاویئر کے ڈوور ایئر فورس بیس کا ہے۔
 
ٹوئٹر پر ایک امریکی صحافی اینڈریو رسٹوسیا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کافی شاندار ہے، امریکی ایئر فورس کے طیارے میں 640 افغان شہری سوار ہو گئے ہیں۔‘ 
امریکی حکام کے مطابق جہاز کے عملے کا اس طیارے پر افغان شہریوں کو سوار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن گھبراہٹ کے شکار افغان شہری جب طیارے میں آ گھسے تو ان کو باہر نکالنے کی بجائے یہ طے کیا گیا کہ ساتھ لے جایا جائے۔

ابتدا میں طیارے کے عملے نے اپنے پیغام میں اعلیٰ کمان کو بتایا کہ کُل 800 افراد سوار ہیں، تاہم بعد میں پتا چلا کہ طیارے میں 640 افراد سوار تھے۔ 
ٹوئٹر پر ہیلے ٹلر نامی ایک صارف نے امریکی طیارے پر 640 افغان شہریوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریچ 871 ہیروز ہیں۔‘ ٹرانسپورٹ طیارے کی یہ اپنی نوعیت کی منفرد پرواز تھی جس پر 640 افراد سوار تھے۔ 

ماضی میں سی-17 نے لگ بھگ 670 افراد کو فلپائن میں آنے والے طوفان سے بچایا تھا۔ ایسے عمل کو فضائیہ کی زبان میں ’فلور لوڈنگ‘ کہتے ہیں۔
دنیا بھر اور بالخصوص امریکہ میں ایئر فورس کے طیارے کے عملے کو افغان شہریوں کو کابل سے نکالنے پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

شیئر: