Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے ہرا دیا، سیریز برابر

شاہین شاہ آفریدی کو میچ میں 10 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں 109 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔
کنگسٹن ٹیسٹ کے پانچویں روز 329 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 49 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ٹیم کے سکور میں صرف 16 رنز کے اضافے کے ساتھ ہی الزاری جوزف 17 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹو ڈاؤن آنے والے بونر بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور دو رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روسٹن چیز تھے جو صفر پر حسن علی کا شکار بنے۔
اس کے بعد جیرمین بلیک وڈ اور کریگ براتھویٹ کے درمیان 28 رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد بلیک وڈ 25 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ پکڑا بیٹھے۔
اس کے کریگ براتھویٹ بھی زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے اور 39 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
ٹاپ آرڈر کی ناقص کارکردگی کے بعد ویسٹ انڈیز کے لوئر آرڈر نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا لیکن کائل میئرز 32 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی اور جیسن ہولڈر 47 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بن گئیں۔

نعمان علی نے تین وکٹیں حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیمار رؤچ تھے، وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے آخری کھلاڑی جوشوا ڈی سلوا کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اور نعمان علی نے تین وکٹیں حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیر کر دی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز پر اننگز ڈکلیر کر دی تھی۔

کریگ براتھویٹ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فواد 124 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے پوری ٹیم 150 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
شاہین شاہ آفریدی نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ محمد عباس کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
شاہین شاہ آفریدی کو میچ میں 10 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ اور سیریز میں 18 وکٹیں لینے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

شیئر: