Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کا خیرمقدم

پاکستان نے سعودی عرب  کی جانب سے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے مقیم غیر ملکیوں کو مملکت آنے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ’ سفارتخانہ پاکستان سعودی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے جس کے تحت اقامہ ہولڈرز اور ان لوگوں کے لیے جو مملکت سے روانگی سے قبل یہاں کورونا ویکیسن کی دو خوراکیں لگوا چکے ہیں پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت دی گئی ہے‘۔
سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’پابندی والے ممالک جن میں پاکستان شامل ہے سے تعلق رکھنے والے مقیم تارکین جنہوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو خوراکیں لگوائی ہیں سعودی عرب آسکتے ہیں۔‘
سفیر پاکستان کے مطابق ’مملکت میں مقیم وہ پاکستانی جو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لے کر گئے ہیں انہیں واپسی کی اجازت ہوگی‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان میں کہا  کہ ’اب اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ ممنوعہ ممالک سے ایسے مقیم غیرملکی سعودی عرب واپس آسکتے ہیں جو مملکت سے روانگی سے قبل یہاں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے  ہوں‘۔

دوسری جانب سعودی عرب نے دو مزید کورونا ویکسینز سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دی ہے تاہم اس کے ساتھ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تیسری خوراک لینی ہوگی۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’وہ افراد جنہوں نے چینی ویکسین سائینو فام  یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لی ہوئی ہیں وہ مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم انہیں ان دو خوراکوں کے ساتھ ایک بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہوگی جو مملکت میں منظور شدہ ویکسین میں سے ایک ہو۔‘

شیئر: