Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دے دی

سعودی عرب نے دو مزید کورونا ویکسینز سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دی ہے تاہم اس کے ساتھ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تیسری خوراک لینی ہوگی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’وہ افراد جنہوں نے چینی ویکسین سائینو فام  یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لی ہوئی ہیں وہ مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم انہیں ان دو خوراکوں کے ساتھ ایک بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہوگی جو مملکت میں منظور شدہ ویکسین میں سے ایک ہو۔‘
اس وقت سعودی عرب میں چار منظور شدہ ویکسین ہیں جس میں فائزر، ایسٹرازنیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا شامل ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کوئی اور ویکسین منظور کی جائے گی تو سرکاری چینل سے اس کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ دو مختلف ویکسین کی دو خوارکیں لی جا سکتی ہیں۔ بین الاقوامی سائنسی تحقیق کے مطابق یہ طریقہ کورونا وائرس کے خلاف موثر ہے۔
تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلی خوارک کے تین ہفتوں بعد ویکسین کی دوسری خوراک لی جا سکتی ہے۔
کورونا وائرس کی وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد 10 دن کے بعد ویکسین کی ایک خوراک لے سکتے ہیں اور دوسری خوراک کم از کم تین ہفتے بعد لے سکتے ہیں۔

چینی ویکسین کے ساتھ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تیسری خوارک لینی ہوگی۔ (فوٹو: روئٹرز)

اگر پہلی خوارک کے بعد کوئی وبا کا شکار ہوتا ہے تو دوسری خوراک 10 دن بعد لی جا سکتی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق منگل کو مملکت میں 353 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ مجموعی کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 42 ہزار 707 ہے۔
فعال کیسز کی تعداد چار ہزار 377 ہے جبکہ تشویشناک کیسز کی تعداد ایک ہزار 108 ہے۔

شیئر: