Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ سے امریکی ہم منصب کا رابطہ، ابہا ایئرپورٹ حملے پر تشویش کا اظہار

سعودی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ’دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں ہونے والے نمایاں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب سے ابہا ایئرپورٹ پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے پیر کے روز دو ڈرونز کے ذریعے صوبہ عسیر کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا جس میں آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
سعودی ایئر ڈیفنس نے ان ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا تاہم ان میں سے ایک ڈرون کا ملبہ گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان اور اینٹونی بلنکن نے افغانستان اور دیگر علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔‘
’اینٹونی بلنکن نے سعودی عرب  کے ساتھ امریکہ کی طویل المدتی سٹریٹجک پارٹنرشپ اور مملکت کو اپنے عوام اور علاقے کے دفاع میں مدد دینے کے عزم کا اظہار کیا۔‘
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں وزرا نے ریاض اور واشنگٹن کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ’دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں ہونے والے نمایاں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔‘

شیئر: