Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے سفیر کی شبلی فراز سے ملاقات

یو اے ای کے سفیر اور شبلی فراز کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز سے ملاقات کی ہے۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل اور امارات اتھارٹی فار سٹینڈرڈائزیشن اینڈ میٹرولوجی کے درمیان حلال برآمدات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر جلد ہی دستخط کیے جائیں گے۔
یہ معاہدہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کو حلال مصنوعات کی برآمد کے عمل کو آسان بنائے گا جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو فائدہ ہوگا۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت و ترقی ٹیکنالوجی کی جانب سے وفاقی وزیر کو آئندہ دبئی ایکسپو 2020 میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ ان کو گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسٹریلائزیشن سمٹ کے چوتھے اجلاس سے خطاب کے لیے مدعو بھی کیا گیا۔ شبلی فراز نے اس کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
اس موقع پر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں جو برسوں کے بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔‘
’متحدہ عرب امارات ایک اہم ملک ہے اور پاکستان اس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کا کہنا تھا کہ ’مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔‘

شیئر: