Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی فواد چوہدری سے ملاقات

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو پاکستانی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ امارات کورونا لہر کے بعد سب سے بڑا ایونٹ ایکسپو 2021ء کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس پر اسے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
ایکسپو میں اس بار اپنی طرز کا ایک منفرد پاکستانی پویلین ہوگا، وزارت تجارت اور وزارت اطلاعات اس ایکسپو میں شرکت کیلئے بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے،  یو اے میں 16 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کی دوسری بڑی جائے سکونت ہے۔‘
یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ ’ متحدہ عرب امارات اور پاکستان  کے مابین تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مضبوط اور متنوع بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ پاکستان نے خطے بالخصوص افغانستان میں استحکام کیلئے گراں قدر کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے۔‘
وزارت اطلاعات کی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر: