Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹیٹ بینک کی شہریوں کے لیے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی آن لائن سہولت

آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کے لیے بہت بنیادی معلومات اور کم از کم دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔
سٹیٹ بینک نے ملک میں مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
بدھ کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک نے ’کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک‘ تشکیل دیا ہے جس سے بینکوں اور مائیکرو فنانس بینکوں (ایم ایف بیز) کو ویب سائٹس، پورٹلز، موبائل ایپلی کیشنز اور ڈیجیٹل کیاسک جیسے ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ملک میں مقیم پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت ملے گی۔
سٹیٹ بینک نے بینکاری کے شعبے کو ہدایت کی ہے کہ 31 دسمبر 2021 تک اس فریم ورک کو نافذ کریں۔
واضح رہے کہ یہ فریم ورک فری لانسرز، ذاتی کاروبار کرنے والی یا بے روزگار خواتین اور بیرونِ ملک سے ترسیلات وصول کرنے والے افراد کو یہ سہولت دے گا کہ وہ ڈیجیٹل طریقے سے بینک اکاؤنٹ کھولیں جس میں دستاویزات کی کم از کم ضرورت ہو۔
پریس ریلیز کے مطابق اس فریم ورک میں چار زمروں اور اکاؤنٹ کھولنے کے لیے مطلوبہ دستاویزات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان زمروں میں آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ، آسان ڈیجیٹل ریمیٹنس اکاؤنٹ، فری لانسر ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ شامل ہیں۔
پہلے زمرے کا اکاؤنٹ کھولنے کے لیے بہت بنیادی معلومات اور کم از کم دستاویزات درکار ہوتی ہیں اور اس میں کچھ عملی تحدیدات بھی ہیں۔ آخری زمرہ یعنی ڈیجیٹل اکاؤنٹ کسی فنکشنل پابندی کے بغیر ہے لیکن یہ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے زیادہ معلومات درکار ہوتی ہیں۔
سٹیٹ بینک نے اس فریم ورک کے تحت بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام کاغذات جمع کرانے کے دن سے دو ایامِ کار کے اندر ان اکاؤنٹس کو کھولنے یا درخواست رد کرنے کا فیصلہ کر دیں۔

شیئر: