افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاونتی مشن میں چھ ماہ کی توسیع
سکیورٹی کونسل نے مشن میں توسیع کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سکیورٹی کونسل نے اقوام متحدہ کے افغانستان میں معاونتی مشن (یوناما) میں چھ ماہ کی توسیع کی متفقہ قرارداد منظور کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے تمام 15 ارکان نے معاونتی مشن میں توسیع کے حق میں ووٹ دیے۔
قرار داد میں جامع اور نمائندہ حکومت کی تشکیل پر بھی زور دیا گیا ہے۔
سکیورٹی کونسل کے پندرہ ارکان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتریس سے کہا ہے کہ ’افغانستان میں موجودہ سیاسی، سکیورٹی اور سماجی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوناما کے سٹریٹیجک اور آپریشنل اختیارات سے متعلق آئندہ سال کی 31 جنوری تک آگاہ کریں۔‘
دوسری جانب طالبان کی وزارت تعلیم نے لڑکوں کے سکول سنیچر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اور نجی پرائمری و سیکنڈری سکولوں سمیت سرکاری مدارس بھی سنیچر سے کھل جائیں گے۔
بیان کے مطابق ’تمام اساتذہ اور مرد طلبہ سکول میں حاضری دیں۔‘
طالبان کے کابل پر قبضے کے ایک ماہ بعد بھی اکثر تعلیمی ادارے بند ہیں۔ تاہم بچیوں کے چھٹی جماعت تک کے چند سکول کھلے ہیں اور خواتین نے یونیورسٹی بھی جانا شروع کر دیا ہے، لیکن لڑکیوں کے ہائی سکول فی الحال بند ہیں۔
طالبان نے سکول بند رکھنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن طالبان حکام کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کے باعث بچیوں اور خواتین کو بیشتر سرگرمیاں معطل کرنا پڑیں گی۔
طالبان کو معیشت کی بحالی اور زندگی معمول پر لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔