Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شرارت، غلطی یا ٹائم ٹریول؟ ٹوئٹر نے صارفین کو کنفیوز کر دیا

ٹوئٹر ویریفائیڈ کی ٹویٹ نے صارفین کو ابہام کا شکار کیے رکھا (فوٹو: ٹوئٹر)
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویریفائڈ اکاؤنٹ ہونا ایک ایسی خوبی تصور کیا جاتا ہے جو نہ صرف اکاؤنٹ ہولڈر کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے بلکہ مستند درجہ بھی دیتا ہے۔ اسی وجہ سے سوشل میڈیا باالعموم اور ٹوئٹر پر باالخصوص ویریفائڈ اکاؤنٹ کو خاصا اہم سمجھا جاتا اور اس سے متعلق اپ ڈیٹس کو زیادہ توجہ سے دیکھا جاتا ہے۔
سنیچر کو ٹوئٹر کے بہت سے آفیشل ہینڈلز میں سے ایک ٹوئٹر ویریفائڈ نے اعلان کیا کہ ’17 ستمبر کو پیسیفک سٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 11 تا سہ پہر تین بجے کے دوران ویریفیکیشن کا پراسس معطل رہے گا۔‘
’ویریفیکیشن ایپلیکیشن اپ ڈیٹ‘ کا عنوان دی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ’معمول کی مینٹیننس‘ کی وجہ سے اکاؤنٹس ویریفیکیشن کے لیے استعمال ہونے والا فارم دستیاب نہیں ہو گا۔

ٹویٹ سامنے آئی ابھی چند ہی منٹ گزرے تھے کہ بہت سے صارفین نے ٹویٹ میں درج کردہ تاریخ کو بنیاد بنا کر مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم سے سوالات شروع کر دیے کہ یہ کوئی ’شرارت ہے، غلطی ہے یا پھر ٹائم ٹرہول‘ شروع کر دیا گیا ہے۔

خاصی دیر تک ٹوئٹر کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہ آئی تو کچھ صارفین نے اپنے طور پر یہ اندازے قائم کیے کہ ٹویٹ لکھنے والے نے غلطی سے آنے والی تاریخ 19 ستمبر کی جگہ  گزری ہوئی تاریخ 17 ستمبر درج کر دی ہے۔

گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارفین نے خیال ظاہر کیا کہ ٹویٹ میں درج تاریخ اور صارفین کی جانب سے شیئر کیے جانے والے سکرین شاٹس میں دکھائی جانے والی تاریخوں کا فرق ’ٹائم زون الگ الگ ہونے‘ کی وجہ سے ہے، تاہم یہ جواز کچھ زیادہ جگہ نہیں بنا سکا۔
ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والے صارفین شاید خیالات کے گھوڑے دوڑاتے ہوئے مزید آگے جاتے لیکن ٹویٹ کرنے والے کو اندازہ ہوا تو ابتدائی ٹویٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے تبدیل شدہ تاریخ کے ساتھ نئی ٹویٹ کی گئی جس میں 17 ستمبر کو تبدیل کر کے 18 ستمبر کر دیا گیا۔

ٹویٹ ڈیلیٹ ہونے سے یہ واضح ہوا کہ ٹائم ٹریول شروع ہوا ہے نہ یہ کوئی شرارت تھی بلکہ جو کچھ ہوا اتفاقی غلطی کا نتیجہ ہی ہے۔
ٹوئٹر ویریفیکیشن کے فارم کی عدم دستیابی سے متعلق پہلی ٹویٹ چند منٹ تک ہی ٹوئٹر ویریفائیڈ کی ٹائم لائن پر موجود رہی لیکن اس پر ہونے والے تبصروں کی کثرت سے واضح تھا کہ صارفین اس معاملے کو خاصی توجہ سے فالو کرتے ہیں۔

شیئر: