Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری فیلڈ مارشل طنطاوی کی وفات پر سعودی قیادت کی تعزیت

’ہمیں فیلڈ مارشل محمد حسین طنطاوی کی وفات کی خبر ملی ہے جس پر ہمیں صدمہ ہوا ہے‘ (فوٹو: العربیہ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے سابق وزیر دفاع فیلڈ مارشل محمد حسین طنطاوی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت کی طرف سے تعزیتی پیغام مصری صدر عبد الفتاح السیسی کو روانہ کیا گیا ہے۔
شاہ سلمان نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ’ہمیں فیلڈ مارشل محمد حسین طنطاوی کی وفات کی خبر ملی ہے جس پر ہمیں صدمہ ہوا ہے‘۔
’ ہم آپ سے، مصری حکومت اور عوام کے علاوہ متوفی کے پسماندگان سے گہرے غم اور فسوس کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’ہم اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ فیلڈ مارشل  کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت کے اعلی درجات سے نوازے‘۔
دوسری طرف ولی عہد ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر السیسی کو روانہ کئے گئے مکتوب میں لکھا ہے کہ ’فیلڈ مارشل کی وفات پر ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘۔
درایں اثنا مصری ایوان صدر نے فیلڈ مارشل کی وفات پر ایک تعزیتی بیان میں ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
 بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نےنصف صدی سے زائد عرصے تک اپنے ملک اور قوم کے لیے خدمات انجام دیں۔
خیال رہے کہ فیلڈ مارشل اور سابق وزیر دفاع محمد حسین طنطاوی کل منگل کے روز 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

’فیلڈ مارشل اور سابق وزیر دفاع محمد حسین طنطاوی 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے‘ ( فوٹو: العربیہ)

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے فیلڈ مارشل حسین طنطاوی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
 اپنے فیس بک کے آفیشل پیج پرانہوں نے لکھا کہ ’آج میں نے ایک باپ، ایک استاد اور ایک عظیم شخص کو کھو دیا جو اپنے وطن سے ٹوٹ کر محبت کرتا تھا‘۔
واضح رہے مصری ایوان صدر کے ترجمان سفیر بسام راضی نے فیلڈ مارشل طنطاوی کی موت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: