Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی 6 ارب خوراکیں لگ گئیں

متحدہ عرب امارات کی 81 فیصد آبادی مکمل ویکیسن شدہ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی چھ ارب خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، ان میں سے چالیس فیصد چین میں لگائی گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے اکٹھے کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چین کے بعد انڈیا اور امریکہ میں سب سے زیادہ افراد کو ویکسین کے انجیکشن لگ چکے ہیں۔
دس لاکھ سے زیادہ کی آبادی والے ممالک میں سے متحدہ عرب امارات اپنے شہریوں کو ویکسین لگانے میں سب سے آگے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی 81 فیصد آبادی کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں۔
عرب امارات کے بعد دوسرے نمبر پر لاطینی امریکی مملک یوراگوئے ہے جہاں ہر ایک سو شہریوں کو ویکسین کی 175 خوراکیں لگ چکی ہیں۔ تیسرے نمبر پر اسرائیل، چوتھے پر کیوبا، پانچویں پر قطر جبکہ چھٹے پر پرتگال ہے۔
اسرائیل، عرب امارات اور یوراگوئے سمیت چند دیگر ممالک نے بھی ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانا شروع کر دیے ہیں تاکہ مکمل ویکسین یافتہ افراد کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں مغربی یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے چند ممالک میں ویکسین لگانے کی مہم سست روی کا شکار ہو رہی ہے۔ جبکہ ایشیا، لاطینی امریکہ اور مغربی و مشرقی نصف کرہ کے ممالک میں تیزی سے شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
کوویکس سکیم امیر ممالک کی امداد کے باعث غریب ممالک میں بھی ویکیسن لگانے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق اعلیٰ آمدنی والے ممالک میں ہر ایک سو شہریوں میں ویکسین کی اوسطاً 124 خوراکیں لگائی جا رہی ہیں، جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں ہر ایک سو شہریوں میں ویکسین کی چار خوراکیں لگ رہی ہیں۔
شمالی کوریا، برونڈی، ایریٹریا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ویکسین لگانے کا آغاز بالکل نہیں ہوا۔

شیئر: