Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کی ’50 فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن‘، ’باقی بھی تیزی دکھائیں‘

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ وہ دوسرے شہروں میں بھی اس حوالے سے تیزی دیکھنے کے خواہش مند ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد 50 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے والا پاکستان کا پہلا شہر بن گیا ہے۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکی ہے۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے اتوار کے روز اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’اسلام آباد کم سے کم اپنی 50 فیصد آبادی (15 سال سے بڑے افراد) کو ویکسینیٹ کرنے والا پاکستان کا پہلا شہر بن گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی 71 فیصد کورونا ویکیسن کے لیے اہل آبادی ایک ڈوز لگوا چکی ہے۔

وزیر برائےمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ وہ دوسرے شہروں میں بھی اس حوالے سے تیزی دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس اب تک 26،720 لوگ کورونا وائرس کے باعث ہلاک چکے ہیں اور ان میں سے 887 ہلاکتیں دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئیں۔

دو دن پہلے اسد عمر نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان میں تقریباً دو کروڑ لوگوں کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں، جبکہ پانچ کروڑ کم سے کم ایک خوراک لگواچکے ہیں۔
پاکستانی حکومت اس سال کے اختتام تک کم سے کم سات کروڑ لوگوں کو کورونا وائرس کی مکمل ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

شیئر: