Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا‘

وفاقی وزیر کے مطابق ویکیسن نہ لگوانے والوں کے لیے روزمرہ سہولیات کی بندش کر دی جائے گی۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو سفری سہولیات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
جمعرات کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے سفری سہولیات میں مشکلات کے علاوہ روزمرہ کی بہت ساری سہولیات کی بندش کر دی جائے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی فراہمی ہر جگہ آسانی سے دستیاب ہے، جن افراد نے ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا لی ہے وہ کسی میسج کا انتظار کیے بغیر دوسری ڈوز لگوا لیں۔ 
وفاقی وزیر غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کورونا کی روک تھام کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائی ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کی حکومت نے پشاور میں پبلک ٹرانسپورٹ سروس بی آر ٹی میں سفر کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانے کی شرط پیر سے لاگو کر دی گئی تھی۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر ہی بی آر ٹی بس میں سفر کیا جا سکے گا۔
ٹرانس پشاور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جن مسافروں کے پاس کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ نہیں ہوگا انہیں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

شیئر: