سپین میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم، 21 ہلاک 100 سے زائد زخمی
سپین میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم، 21 ہلاک 100 سے زائد زخمی
پیر 19 جنوری 2026 7:48
ولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو قرطبہ صوبے کے شہر ایڈاموز کے قریب پیش آیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
سپین میں تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر ایک اور ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو قرطبہ صوبے کے شہر ایڈاموز کے قریب پیش آیا۔
ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 100 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ میڈرڈ سے ہیلوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔
ریل نیٹ ورک چلانے والے ادارے ایڈف کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ میڈرڈ جانے والی ٹرین ایڈاموز کے قریب اس وقت پٹری سے اتری جب قریبی پٹری سے ایک اور ٹرین گزر رہی تھی۔‘
بیان کے مطابق حادثہ شام چھ بج کر 40 منٹ پر ہوا اور اس سے 10 منٹ قبل ہی ٹرین قرطبہ سے میڈرڈ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔
ایڈف کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایریو ایک پرائیویٹ کمپنی ہے جو کہ سرکاری محکمہ ریلوے کے تحت کام کرتی ہے۔
محکمہ ریلوے نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ایمرجنسی پروٹوکولز کو متحرک کر دیا گیا ہے اور حکام موقع پر موجود ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
محکمے نے حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان چلنے والی سروس معطل کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹکرانے والی ٹرین میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جبکہ دوسری ٹرین میں 100 کے قریب مسافر موجود تھے۔
قرطبہ کے فائر چیف پاکو کیرمونا نے ٹی وی ای کو بتایا کہ ایک ٹرین میں سے تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دوسری ٹرین کی حالت بہت خراب ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 100 زخمی افراد میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے (فوٹو: روئٹرز)
بیان کے مطابق ’دوسری ٹرین میں اب بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ان میں سے کتنے مر چکے ہیں کیونکہ یہ ایک مشکل آپریشن ہے تاہم زندہ لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ اوسکر پیونٹے کا کہنا ہے کہ وہ ایڈف کے ہیڈکوارٹر میں موجود ہیں اور آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’تازہ ترین اطلاعات بہت تشویش ناک ہیں، ایک ٹرین کی حالت بہت خراب ہے۔ مرنے اور زخمی ہونے والوں کی درست تعداد کا پتہ نہیں چل رہا، تاہم ان کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
ایڈاموز کے میئر رفائل مورینو نے مقامی اخبار ای آئی کو بتایا کہ وہ سب سے پہلے موقع پر پہنچنے والے افراد میں شامل تھے اور انہوں نے بہت بڑی تباہی دیکھی۔
ان کے مطابق ’وہ ایک خوفناک منظر تھا، دونوں ٹرینز پٹری سے اتر چکی تھیں اس کے بعد دوسری ٹیمیں بھی پہنچیں اور اس وقت لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔‘