’گرین لینڈ خریدنے کی اجازت ورنہ ٹیرف‘، یورپ کو دھمکی کے بعد عالمی مارکیٹس میں ہلچل
’گرین لینڈ خریدنے کی اجازت ورنہ ٹیرف‘، یورپ کو دھمکی کے بعد عالمی مارکیٹس میں ہلچل
پیر 19 جنوری 2026 11:21
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ یکم فروری سے ڈنماک، ناروے، سویڈن اور دورسرے یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو خریدنے کی اجازت نہ دیے جانے تک آٹھ یورپی ممالک پر ٹیرف لگانے کی دھمکی کے بعد عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ممکنہ اقدام سے سٹاکس میں کمی آئی ہے اور ڈالر کی قدر میں کمی سے تجارتی غیریقینی مزید بڑھ گئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ یکم فروری سے ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، فن لینڈ اور برطانیہ پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کریں گے اور یکم جون تک کوئی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں یہ ٹیرف 25 فیصد تک بڑھ جائے گا۔
بڑے یورپی ممالک نے ٹیرف کی دھمکی کو گرین لینڈ کے معاملے پر بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور فرانس کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ اس بار کچھ ایسے معاشی اقدامات سے جواب دیا جائے جو پہلے نہ آزمائے گئے ہوں۔
اس وقت یورو امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدرے مستحکم ہے تاہم اس سے قبل یورو نومبر کے بعد سے کم ترین سطحن پر گیا کیونکہ سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر ڈالر فروخت کیے اور دوسری بڑی حریف کرنسیز کو مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا۔
یورپ کی مارکیٹس میں یوروسٹاکس اور ڈیکس کی کاروباری سرگرمیوں میں ایک اعشاریہ ایک فیصد کمی آئی ہے۔
بیرن بینک کے چیف اکانومسٹ ہولگر شمائیڈنگ کا کہنا ہے کہ معشیت کے لحاظ سے یہ ویسی ہی صورت حال بن گئی ہے جیسی کہ پچھلے برس موسم بہار کے دنوں میں تھی۔
گرین لینڈ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ اقدام کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج ہو رہا ہے (فوٹو: روئٹرز)
اپریل 2025 میں صدر ٹرمپ کی جانب سے لبریشن ڈے کے موقع پر ٹیرف کے اعلان نے مارکیٹس میں کافی ہلچل پیدا کی تھی اور اس کے بعد سرمایہ کاروں کا خیال تھا کہ سال کے دوسرے نصف میں امریکہ کی تجارت مسائل کا شکار رہے گی تاہم جب اس کے بعد صدر ٹرمپ نے برطانیہ اور یورپی یونین کے دوسرے ممالک سے تجارتی معاہدے کیے تو انہوں نے اس کو ریلیف قرار دیا تھا۔
پیر کو مارٹن لوتھر کنگ ڈے کی تعطیل کے باعث امریکی مارکیٹس بند ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ وال سٹریٹ پر ردعمل بعد میں سامنے آئے گا، ایشیائی مارکیٹس کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران کاروباری سرگرمیاں زیرو اعشاریہ کم دکھائی دی تھیں۔
جمعے کے روز وال سٹریٹ سٹاکس جزوی طور پر نچلی سطح پر بند ہوئے تھے۔
امریکی صدر ٹرمپ گرین لینڈ کی ملکیت حاصل کرنا چاہتے ہیں جس پر وہاں کی قیادت نے سخت ردعمل دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اے این زیڈ پر ایشیا ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ خون گوہ کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ آپ کہیں گے کہ ٹیرف سے یورپ کو خطرہ ہو سکتا ہے مگر درحقیقت یہ ہے کہ یہ ڈالر ہی ہے کہ جو نقصان اٹھا رہا ہے، کیونکہ میرے خیال میں مارکیٹس بڑھتے سیاسی خطرے کے پیش نظر ڈالر میں قیمتوں کا تعین کر رہی ہیں۔‘
علاوہ ازیں کیپٹل اکنامکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جرمنی اور برطانیہ وہ ممالک ہیں جن کو سب سے زیادہ امریکی ٹیرف کے خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے اور اندازہ ہے کہ 10 فیصد ٹیرف ان کی پیداوار کو زیرو اعشاریہ ایک فیصد تک کم کر سکتے ہیں جبکہ 25 فیصد ٹیرف اس کمی کو زیرو اعشاریہ دو سے زیرو اعشاریہ تین تک لے جا سکتا ہے۔
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کی ملکیت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر وہاں کی قیادت نے سخت ردعمل دیا ہے جبکہ عوامی سطح پر احتجاج بھی ہو رہا ہے۔