Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں قونصل جنرل کی رہائش پر یوم وطنی کی تقریب، پاک،سعودی دوستی اور ثقافت کے تمام رنگ

سعودی عرب کے شہر جدہ میں جمعرات کی شب پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کی رہائش پر سعودی شخصیات کی بڑی تعداد نے یوم الوطنی کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں شرکت کی ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی اور سعودی ثقافت کے تمام رنگ نظر آئے۔
 ڈائریکٹر آف دی رائل پروٹوکول مکہ مکرمہ ریجن احمد بن ظافر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ امیرہ جوھرہ، سنگا پور، تھائی لینڈ، ملائیشیا، فلپائن اور جنوبی کوریا کے قونصلر جنرلز، سعودی تاجر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں سعودی شخصیات شریک تھیں۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں سعودی قیادت کو یوم الوطنی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ’سعودی عرب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک ہر شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ  ’سعودی عرب کا حرمین شریفین ہونے کے ناتے تمام مسلم امہ اور بالخصوص پاکستانیوں کی نظر میں انتہائی اہم مقام ہے۔ سعودی قیادت اورعوام نے اپنے اس اہم کردار کو بخوبی اور خوش اسلوبی سے نبھایا ہے‘۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ’ مشترکہ ثقافتی اور مذہبی رشتوں سے استوار ہیں۔ ان تعلقات کو فروغ دینے میں دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام نے برابر کردار ادا کیا ہے۔ ان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھر پور کردار ادا کررہی ہے‘۔

قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ ’ایک دوست اور ایک بھائی کی حیثیت سے مملکت کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘۔( فوٹو اردونیوز)

خالد مجید نے کورونا  وبا کے دوران مملکت کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ’کورونا کے مشکل حالات میں سعودی قیادت نے اپنے شہریوں کے ساتھ مقیم غیر ملکیوں کا بھی بھر پور خیال رکھا ہے۔ ان خدمات کی وجہ سے سعودی عرب نے دنیا میں ایک مثال قائم کی ہے‘۔
قونصل جنرل نے مملکت کی مسلسل تقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ایک دوست اور ایک بھائی کی حیثیت سے مملکت کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘۔
تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ملی نغمے پیش کیے گئے۔

 دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ملی نغمے پیش کیے گئے۔(فوٹو اردونیوز)

پاکستان ا ور سعودی عرب کےلازوال تاریخی تعلقات اور  2009 میں جدہ میں آنے والے سیلاب میں 14 سعودی شہریوں کی جان بچاتے ہوئے زندگی کی بازی ہارنے والے پاکستانی شہری فرمان علی کے حوالے دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
 مملکت کا ترانہ طبلے کی دھن پر بجانے والے دو کم عمر پاکستانی بھائیوں کی پرفارمنس کو بھی سراہا گیا۔
تقریب کے آخر میں قونصل جنرل نے ڈائریکٹر آف دی رائل پروٹوکول مکہ مکرمہ ریجن احمد بن ظافر، ایشین قونصل جنرلز اور دیگر سعودی شخصیات کے ہمراہ ’فرینڈ شپ‘ کیک کاٹا۔

شیئر: