Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست مونٹانا میں ٹرین حادثے میں تین ہلاک، متعدد زخمی

حادثے کے وقت ٹرین میں 147 مسافر اور عملے کے 13 ارکان سوار تھے۔ فوٹو: سکرین گریب
امریکی ریاست مونٹانا میں ٹرین کے ایک حادثے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
لبرٹی کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر کی جانب سے سی این این کو بتایا گیا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق سنیچر کی سہ پہر کو پیش آیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹرین کے ٹریک سے اترنے کے حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ وہ زخمیوں کی تعداد اور ان کے زخمی ہونے کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتائیں گے۔
ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ امٹراک امپائر بلڈر ٹرین مونٹانا میں جوپلن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ ٹرین کی پانچ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔ زخمیوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا جا سکتا۔
بیان کے مطابق حادثہ مقامی وقت چار بجے شام پیش آیا۔ حادثے کے وقت ٹرین میں 147 مسافر اور عملے کے 13 ارکان سوار تھے۔
ریلوے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امٹراک مقامی حکام کے ساتھ زخمی مسافروں کو ہسپتال تک پہنچانے میں مصروف ہے جبکہ دیگر تمام مسافروں کو بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔‘
امٹراک امپائر بلڈر کمپنی مغربی امریکہ کے علاقوں میں سیاحوں کے لیے شکاگو سے سینٹ پال، منی پولس سے سپوکنے پورٹ لینڈ، سیٹل میں ٹرین سروس چلاتی ہے۔

شیئر: