’یہ اختیارات کا ناجائز استعمال ہے‘، امریکی عدالت کی جانب سے غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے ویزا کے نئے قوانین مسترد
’یہ اختیارات کا ناجائز استعمال ہے‘، امریکی عدالت کی جانب سے غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے ویزا کے نئے قوانین مسترد
منگل 17 نومبر 2026 6:13
عدالت نے یہ فیصلہ ایک ایسے مقدمے میں دیا ہے جس میں ویزا پابندیوں کو چیلنج کیا گیا تھا (فوٹو: ڈیلی سن)
امریکہ کی ایک وفاقی عدالت کے جج نے پیر کے روز ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کو کالعدم قرار دے دیا ہے جس کے تحت غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے یا کام کرنے کی مدت پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جانی تھیں۔
ضلعی عدالت کے جج ڈینس سیلر نے مقدمہ خارج کرنے کے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ یہ پالیسی ’من مانے فیصلے، غیر معقول طرزِ عمل، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر حوالوں سے قانون کے منافی ہے۔‘
ویزا کے یہ نئے ضوابط ستمبر میں نافذ العمل ہونے والے تھے، تاہم جج سیلر نے عارضی طور پر اِن پر عمل درآمد روک دیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ اِس فیصلے کے خلاف پہلے ہی اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کر چکی ہے۔
عدالت کا یہ فیصلہ ایک ایسے مقدمے کے نتیجے میں سامنے آیا ہے جس میں ویزا پابندیوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ جامعات، اساتذہ اور صحافیوں کی نمائندگی کرنے والی مختلف تنظیموں کے اتحاد نے محکمۂ داخلی سلامتی (ڈی ایچ ایس) کے خلاف دائر کیا تھا۔
اپنے حکم میں جج سیلر نے بنیادی طور پر اِس بات کا جائزہ لیا کہ ویزا کی نئی پالیسی بین الاقوامی طلبہ کو کس طرح متاثر کرتی۔
جج نے کہا کہ ’صاف الفاظ میں کہا جائے تو محکمۂ داخلی سلامتی دراصل اِسی سرگرمی کی روک تھام یا حوصلہ شکنی کرنا چاہتا ہے جس کی اجازت دینے اور اسے فروغ دینے کے لیے کانگریس نے اقدامات کیے تھے، یعنی غیر ملکی طلبہ کو امریکہ میں تعلیمی مواقع فراہم کرنا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے نتیجے میں غیر ملکی طلبہ طویل دورانیے کے تعلیمی پروگراموں میں داخلہ نہیں لے سکیں گے، مثلاً پی ایچ ڈی کے وہ پروگرام جن کے لیے کئی سال درکار ہوتے ہیں۔ اِس کے علاوہ انہیں مشترکہ ڈگریاں حاصل کرنے اور اپنے تعلیمی شعبہ تبدیل کرنے سے بھی روک دیا جائے گا۔
مجوزہ نئے ضوابط کے تحت سٹوڈنٹ ویزے پر امریکہ آنے والے غیر ملکی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ چار سال تک قیام کی اجازت دی جانی تھی، جس کے بعد انہیں اپنے قیام میں توسیع کے لیے درخواست دینی پڑتی تھی۔ اس سے پہلے بین الاقوامی طلبہ کو اپنی تعلیم مکمل ہونے تک امریکہ میں قیام کی اجازت حاصل تھی۔
ویزا سے متعلق حالیہ پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف اقدامات کا حصہ ہیں (فوٹو: ڈیلی سن)
غیر ملکی صحافیوں کے لیے امریکہ میں قیام کی مدت صرف 240 دن، یعنی تقریباً آٹھ ماہ مقرر کی جانی تھی، تاہم وہ اسی نوعیت کی مدت کے لیے توسیع کی درخواست دے سکتے تھے۔ موجودہ ضوابط کے تحت غیر ملکی صحافیوں کو امریکہ میں پانچ سال تک قیام کی اجازت حاصل تھی۔
البتہ چینی صحافیوں کے لیے قیام کی مدت مزید کم، یعنی صرف 90 دن مقرر کی جانی تھی، جس میں مزید 90 دن کی توسیع حاصل کرنے کی گنجائش رکھی گئی تھی۔
ویزا سے متعلق یہ پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف جاری وسیع تر سخت اقدامات کا حصہ ہیں۔ اِن اقدامات میں غیر ملکی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کے لیے جارحانہ کارروائیاں اور شہریت حاصل کرنے کے قانونی راستوں پر نئی پابندیاں بھی شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے تعلیمی سال 24-2023 کے دوران 11 لاکھ سے زائد بین الاقوامی طلبہ کو اپنے ہاں خوش آمدید کہا، جو دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔