Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میٹا کی پالیسی: موت کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کا کیا ہوتا ہے؟

فیس بک صارفین کو ’لیگیسی کونٹیکٹ‘ نامزد کرنے کی سہولت دیتا ہے، جو موت کے بعد اکاؤنٹ کا محدود انتظام سنبھال سکتا ہے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام پر کسی شخص کی موت کے بعد اس کا اکاؤنٹ خود بخود ختم نہیں ہوتا بلکہ اسے یادگاری اکاؤنٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے یا مستقل طور پر ڈیلیٹ کرنے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’این گیجٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق میٹا کو کسی صارف کی موت کی اطلاع ملنے کے بعد اس کے اکاؤنٹ کے حوالے سے کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ صارف نے اپنی زندگی میں کیا ترجیح مقرر کی تھی اور اہل خانہ کی جانب سے کس نوعیت کی درخواست دی گئی ہے۔
اگر کسی اکاؤنٹ کو یادگاری حیثیت دے دی جائے تو فیس بک اور انسٹاگرام پر صارف کے نام کے ساتھ انگریزی لفظ ’ری ممبرنگ‘ یعنی ’یاد میں‘ کا ٹیگ ظاہر ہونے لگتا ہے۔
اس کے باوجود اس کی پہلے سے موجود پوسٹس، تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رہتی ہیں اور وہی افراد انہیں دیکھ سکتے ہیں جنہیں پہلے ان تک رسائی حاصل تھی۔
فیس بک ایسے اکاؤنٹس کو دوستوں کی تجاویز اور سالگرہ کی یاددہانیوں سے بھی ہٹا دیتا ہے، جبکہ انسٹاگرام پر یادگاری اکاؤنٹس ایکسپلور سیکشن میں دکھائی نہیں دیتے۔
دونوں پلیٹ فارمز پر یادگاری اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کی اجازت نہیں ہوتی، حتیٰ کہ مرحوم کے اہل خانہ بھی اس میں داخل نہیں ہو سکتے۔
اگر اہل خانہ مرنے والے کی تصاویر محفوظ کرنا، پیغامات حاصل کرنا یا اکاؤنٹ کا انتظام سنبھالنا چاہیں تو ان کے لیے یہ عمل آسان نہیں ہوتا۔ قریبی رشتہ دار ہونے کے باوجود کسی کو مرنے والے شخص کے نجی پیغامات تک رسائی نہیں دی جاتی، حتیٰ کہ اکاؤنٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے نامزد شخص بھی یہ پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔

فیس بک کا ’لیگیسی کونٹیکٹ‘ کیا کر سکتا ہے؟

فیس بک بالغ صارفین کو اپنی زندگی میں کسی دوست کو ’لیگیسی کانٹیکٹ‘ یعنی ایسا نامزد شخص مقرر کرنے کی سہولت دیتا ہے جو صارف کی موت کے بعد اس کے اکاؤنٹ کو یادگاری حیثیت ملنے پر محدود انتظام سنبھال سکتا ہے۔

لیگیسی کونٹیکٹ کو یہ تمام اختیارات حاصل ہونے کے باوجود مرنے والے کا پاس ورڈ نہیں دیا جاتا (فائل فوٹو: این گیجٹ)

لیگیسی کونٹیکٹ مرنے والے کی پروفائل اور کور تصویر تبدیل کرنے، کوئی اہم پوسٹ نمایاں کرنے، نئی فرینڈ ریکویسٹس قبول کرنے اور اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی درخواست دینے کا اختیار رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ وہ مشترکہ مواد کی ایک کاپی بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ صارف نے اپنی زندگی میں اس سہولت کی اجازت دے رکھی ہو۔
لیگیسی کونٹیکٹ کو یہ تمام اختیارات حاصل ہونے کے باوجود مرحوم کا پاس ورڈ نہیں دیا جاتا اور نہ ہی وہ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہو سکتا ہے۔ وہ نجی پیغامات نہیں پڑھ سکتا، دوستوں کو ہٹا نہیں سکتا اور نہ ہی مرنے والے شخص کے اکاؤنٹ سے کسی کو نئی فرینڈ ریکویسٹ بھیج سکتا ہے۔
فیس بک میں یہ سہولت اکاؤنٹس سینٹر کے اندر پروفائلز اینڈ پرسنل ڈیٹیلز، اکاؤنٹ اونرشپ اینڈ کنٹرول اور میمورائزیشن کے سیکشن میں موجود ہے۔
صارف چاہے تو اپنی زندگی میں یہ بھی طے کر سکتا ہے کہ اس کی موت کے بعد اس کا اکاؤنٹ مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے۔ ایسی صورت میں میٹا موت کا ثبوت ملنے کے بعد اکاؤنٹ حذف کر سکتا ہے۔ یہ انتخاب صارف کے اضافی فیس بک پروفائلز پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
اگر کسی شخص نے اپنی زندگی میں لیگیسی کونٹیکٹ مقرر نہیں کیا تو اس کے دوست یا اہل خانہ مناسب دستاویزات فراہم کرکے اکاؤنٹ کو یادگاری حیثیت دینے کی درخواست کر سکتے ہیں۔
تاہم اگر لیگیسی کانٹیکٹ مقرر نہ ہو تو یادگاری اکاؤنٹ میں بعد ازاں ترمیم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
فیس بک کے مطابق اگر کسی پیج یا گروپ کا واحد ایڈمن بھی فوت ہو جائے اور اس کا پروفائل یادگاری حیثیت اختیار کر لے تو متعلقہ پیج بند یا گروپ عارضی طور پر معطل کیا جا سکتا ہے۔

انسٹاگرام پر بھی یہی سہولت موجود ہے

انسٹاگرام پر بھی صارفین کو لیگیسی کونٹیکٹ مقرر کرنے اور اپنی موت کے بعد اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
لیگیسی کونٹیکٹ پروفائل تصویر تبدیل کرنے، پوسٹس پر ٹیگز کا انتظام کرنے اور مشترکہ مواد ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت حاصل کر سکتا ہے، بشرطیکہ صارف نے پہلے اس کی اجازت دی ہو۔
تاہم وہ مرنے والے کے اکاؤنٹ سے نئی پوسٹس نہیں کر سکتا، نجی پیغامات نہیں پڑھ سکتا اور نہ ہی کسی دوسرے صارف کو پیغام بھیج سکتا ہے۔

یادگاری حیثیت اختیار کرنے کے بعد بھی اکاؤنٹ کی پرانی پوسٹس اور پرائیویسی سیٹنگز برقرار رہتی ہیں (فائل فوٹو: این گیجٹ)

انسٹاگرام اکاؤنٹ کو یادگاری حیثیت دلوانے کے لیے کسی شخص کو پہلے متعلقہ صارف کی موت کی اطلاع دینی ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ضروری ثبوت بھی فراہم کرنا ہوتا ہے، جس میں تعزیتی اعلان یا وفات سے متعلق دیگر دستاویزات شامل ہو سکتی ہیں۔
اکاؤنٹ مستقل طور پر ڈیلیٹ کروانے کے لیے مزید دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔ میٹا اس مقصد کے لیے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر مستند ثبوت طلب کر سکتا ہے۔
درخواست دینے والے شخص کو یہ بھی ثابت کرنا ہوتا ہے کہ وہ مرحوم کا قریبی اہل خانہ ہے یا اسے قانونی طور پر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کروانے کا اختیار حاصل ہے۔
یادگاری حیثیت اختیار کرنے کے بعد بھی اکاؤنٹ کی پرانی پوسٹس اور پرائیویسی سیٹنگز برقرار رہتی ہیں۔ یعنی اگر کسی شخص کا انسٹاگرام اکاؤنٹ نجی تھا تو اسے یادگاری حیثیت ملنے کے بعد خود بخود عوامی نہیں بنایا جاتا۔
رپورٹ کے مطابق میٹا نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ کسی اکاؤنٹ کو یادگاری حیثیت دینے یا مستقل طور پر ڈیلیٹ کرنے کی درخواست پر کارروائی میں کتنا وقت لگتا ہے۔
 

شیئر: