Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’باسز کا باس‘، امریکہ کو ہلا کر رکھ دینے والے میکسیکن ڈرگ لارڈ کا 80 برس کی عمر میں انتقال

فیلکس گایاردو نے عالمی سطح پر کوکین کی تجارت کا نقشہ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
میکسیکو میں منشیات کی جدید تجارت کا بانی اور ’باسز کا باس‘ کہلانے والا میگوئل اینجل فیلکس گایاردو اتوار کے روز 80 برس کی عمر میں انتقال کر گیا۔ اِس نے عالمی سطح پر کوکین کی تجارت کا نقشہ بدلنے اور ایک امریکی اہلکار کے قتل کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ حکام نے اِس کی موت کی تصدیق کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منشیات کی دنیا کا بدنامِ زمانہ یہ سرغنہ ماضی میں پولیس افسر رہ چکا تھا اور کولمبیا کے منشیات فروشوں کے ساتھ رابطے قائم کرنے میں اِس نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ وہ اُس ہسپتال میں انتقال کر گیا جہاں اِسے جیل سے دو روز قبل منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران فیلکس گایاردو کی صحت نمایاں طور پر خراب ہو گئی تھی۔ وہ بلند فشارِ خون، ذیابیطس اور قوتِ سماعت سے محرومی سمیت مختلف عوارض میں مبتلا تھا۔
فیلکس گایاردو گواڈالاخارا منشیات کارٹیل کے بانیوں میں سے ایک تھا، جس سے بعد میں بدنام زمانہ سینالوا کارٹیل نے جنم لیا۔ وہ سال 1989 سے قید تھا اور 40 سال کی سزا کاٹ رہا تھا۔
فیلکس گایاردو کو سال 1985 میں امریکی ادارے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے خفیہ اہلکار اینریکے ’کی کی‘ کامارینا سالازار کے قتل میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اِس قتل پر امریکہ میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا۔
کارٹیلز کا عروج
سرکاری ریکارڈ کے مطابق، فیلکس گایاردو کا تعلق ریاست سینالوا سے تھا، جہاں وہ 8 جنوری 1946 کو پیدا ہوا۔
جرائم کی دنیا سے اُس کا تعلق تقریباً اُسی وقت قائم ہو گیا تھا جب اُس نے ریاستی اور وفاقی پولیس میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا۔
اُس نے منشیات کی دنیا کے ایک اور تجربہ کار سرغنہ رافیل کارو کوئنٹیرو کے ساتھ شراکت داری قائم کی۔ دونوں نے دیگر جرائم پیشہ سرغنوں کے ساتھ مل کر امریکہ میں منشیات سمگل کرنے والے مختلف گروہوں کو متحد کیا اور گواڈالاخارا کارٹیل کی بنیاد رکھی اور یہ  ملک کی جرائم کی دنیا پر مکمل کنٹرول رکھتا تھا جس کے باعث فیلکس گایاردو کو ’گاڈ فادر‘ کے القابات سے نوازا گیا۔

فیلکس گایاردو سال 1989 سے قید تھا اور 40 سال کی سزا کاٹ رہا تھا (فائل فوٹو: ایل پائیس)

زوال کا آغاز
فیلکس گایاردو کو فروری 1985 میں امریکی خفیہ اہلکار کامارینا سالازار کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد امریکہ  کی جانب سے شدید دباؤ کے نتیجے میں 1985 میں رافیل کارو کوئنٹیرو کو گرفتار کر لیا گیا۔ وہ اِس وقت امریکہ میں قید ہے، جہاں اسے منشیات کی سمگلنگ اور امریکی اہلکار کے قتل کے الزامات کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق، فیلکس گایاردو کو اپریل 1989 میں گرفتار کر لیا گیا تھا، لیکن اِس کے باوجود وہ جیل کے اندر سے اپنے جرائم کے کاروبار کو کنٹرول کرتا رہا۔
فیلکس گایاردو کا کردار عوامی یادداشت میں منشیات کے کاروبار سے متعلق گیتوں، اور منشیات کی تجارت پر بننے والے ٹیلی ویژن ڈراموں کے ذریعے زندہ رہا۔ نیٹ فلکس پر منشیات کی تجارت کے موضوع پر بننے والے ڈراموں میں بھی اِس کی زندگی کو پیش کیا گیا ہے، جن میں میکسیکن اداکار ڈیاگو لونا نے اِس بدنامِ زمانہ منشیات فروش کا کردار ادا کیا ہے۔

شیئر: