Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تمہارا نام ووٹر لسٹ میں نہیں، تم بنگلہ دیشی ہو‘، انڈیا میں شہریت کا یہ نیا بحران کیا ہے؟

مغربی بنگال میں رواں برس کے ریاستی انتخابات سے قبل قریباً 90 لاکھ نام کاٹے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
19 جولائی کو جب 38 سالہ شاہدہ فقیر سبزی خریدنے کے لیے ممبئی میں اپنے گھر سے نکلیں تو انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے سے کہا کہ وہ چند منٹوں میں واپس آ جائیں گی۔ تاہم تین ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد آج وہ اپنے شوہر اور دو بیٹوں سے جدا، بنگلہ دیش کے ایک گاؤں میں زندگی گزار رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شاہدہ فقیر کا کہنا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لیا، ان کا موبائل فون ضبط کر لیا جس میں ان کی شناختی دستاویزات کی نقول محفوظ تھیں اور بالآخر انہیں سرحد پار دھکیل دیا گیا۔
عدالتی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اہلکار ممبئی پولیس کی کرائم برانچ سے تعلق رکھتے تھے۔
بنگلہ دیش کے ضلع ساتکھیرا میں روئٹرز سے بات کرتے ہوئے شاہدہ نے بتایا کہ کسی نے پیچھے سے ان کا ہاتھ پکڑا اور گاڑی میں بیٹھنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رات ایک بجے انہیں سرحد کے ایک غیر محفوظ حصے سے بنگلہ دیش کی طرف دھکیل دیا گیا جہاں کیچڑ میں لت پت کئی گھنٹے پیدل چلنے کے بعد ایک کسان نے انہیں روتے ہوئے دیکھا اور پناہ دی۔
شاہدہ فقیر ان 10 خاندانوں میں شامل ہیں جن سے روئٹرز نے بات کی اور جن کے عزیزوں کو نظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں سے نام کٹنے کے بعد شہریت کے شبے میں حراست میں لیا گیا، پوچھ گچھ کی گئی یا ملک بدر کر دیا گیا۔
ان تمام افراد کے پاس انڈین شناختی دستاویزات موجود تھیں جبکہ ان کے والدین اور بہن بھائیوں کے نام اب بھی ووٹر لسٹ میں شامل ہیں۔
انڈیا کی تاریخ میں ووٹر لسٹوں کی اس سب سے بڑی نظرثانی میں ملک بھر سے 13 کروڑ نام خارج کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اس اقدام سے سب سے زیادہ انڈیا کی سب سے بڑی اقلیت، مسلمان متاثر ہوئے ہیں۔
مغربی بنگال میں رواں برس کے ریاستی انتخابات سے قبل قریباً 90 لاکھ نام کاٹے گئے۔ کلکتہ کے ایک تحقیقی ادارے ’سبر انسٹی ٹیوٹ‘ کے مطابق مزید جانچ پڑتال کے بعد خارج کیے گئے 27 لاکھ ناموں میں 70 فیصد مسلمان تھے حالانکہ ریاست کی آبادی میں ان کا تناسب 27 فیصد ہے۔
ان انتخابات میں بی جے پی نے پہلی بار ریاست میں کامیابی حاصل کی۔
انڈین وزیر داخلہ امت شاہ نے پانچ نومبر کو ہریانہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ووٹر لسٹوں اور ملک بدری کو براہ راست جوڑتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کا عزم ہے کہ دراندازوں کی نشاندہی کر کے انہیں انتخابی فہرستوں سے نکالا جائے اور پھر ایک ایک کر کے ملک سے باہر نکال دیا جائے۔
دوسری جانب کلکتہ ہائی کورٹ میں دائر ایک اور درخواست میں برتن فروش نصیرالدین شیخ اور چار دیگر افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا حالانکہ اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں خصوصی ٹریبونلز میں زیر التوا تھیں۔
نصیرالدین شیخ کے مطابق چھتیس گڑھ میں کام کے دوران پولیس نے انہیں اور 22 دیگر افراد کو حراست میں لیا۔ جن 19 افراد کے نام نظرثانی شدہ فہرست میں مل گئے انہیں 14 دن بعد رہا کر دیا گیا جبکہ شیخ اور تین دیگر افراد کو 32 دن تک حراست میں رکھا گیا۔
نصیرالدین شیخ نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان سے کہا: "تمہارا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، تم بنگلہ دیشی ہو۔"
ادھر شاہدہ فقیر کے شوہر جمن اپنی اہلیہ کی واپسی کے لیے سپریم کورٹ میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق شاہدہ کے والدین اور دادا دادی 1952 کے پہلے عام انتخابات سے مغربی بنگال میں رجسٹرڈ ووٹر رہے ہیں اور خود شاہدہ کا نام بھی 2008 سے ووٹر لسٹ میں شامل رہا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکن کریتی رائے کے مطابق ووٹر لسٹ سے اخراج کے خلاف لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں، ٹریبونلز کی رفتار سست ہے اور متاثرہ افراد انصاف کے منتظر ہیں۔

شیئر: