Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا آپ پانی پر اڑنا چاہتے ہیں؟ ہم  ایسا کر کے دکھائیں گے

جدہ واٹر فرنٹ پر فلائنگ بورڈ پرفارمنس شروع کی تو بہت اچھا رسپانس ملا۔ (فوٹو عرب نیوز)
پانی کے اندر غوطہ خوروں کے پلٹنے، مڑنے اور موڑنے اور دلچسپ کرتب کرنے کے بارے میں تو آپ نے سنا اور دیکھا ہی ہوگا لیکن پانی  کی سطح سے بھی اوپر ایک نیا کھیل فلائی بورڈنگ کے نام سے جدہ میں  شائقین کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  یہ نیا کھیل بحیرہ احمر میں کھلاڑیوں کو پانی کی سطح سے بھی اوپر نئی بلندیوں کی جانب لے جاتا ہے۔

اس کھیل کی پذیرائی واٹر سپورٹس کا شوق اور اس میں دلچسپی کا بڑا ثبوت ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

جدہ اور بحیرہ احمر کے قریب رہنے والے اب اس واٹرسپورٹس کی نئی سرگرمیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
دراصل یہ ایک ہائیڈرو فلائٹ ڈیوائس ہے جس کے اوپر ایک فلائی بوڑڈ نصب ہے  جو کسی کھلاڑی کو بھی ہوا میں اچھالنے یا کرتب کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس طرح کا واٹر بورڈ  فرانسیسی واٹر کرافٹ رائڈر فرانکی زاپاتا نے  2012 میں ایجاد کیا  تھا۔
اس بورڈ پر مناسب توازن قائم رکھنے کے باعث پانی کی سطح سے اوپر اٹھنے کی صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے اور  اس کے لیے یہاں پر موجود  انسٹرکٹر دکھا رہے ہیں کہ آپ کو پانی کی سطح سے اوپر ہوا میں کیسے رہنا ہے۔
سند یافتہ  فلائنگ بورڈ انسٹرکٹر مصعب فیلمبان پانی کے ہوور بورڈنگ کا فن  بخوبی جانتے ہیں اور فلائنگ بورڈ پر توازن برقرار رکھنے اور سمندر کی سطح پر رہنے کے بارے میں تربیتی مشق بھی کراتے ہیں۔

بحیرہ احمر کے قریب رہنے والے اب اس نئی سرگرمیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

فلائی بورڈنگ سعودی عرب میں ایک نیا کھیل ہے جو آہستہ آہستہ  لوگوں میں مقبول ہو رہا ہے چاہے وہ اس میدان میں اترنا چاہتے ہیں یا صرف کسی دوسرے کی پرفارمنس  ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔
مصعب کا کہنا ہے کہ یہ ایک دلچسپ کھیل ہے اور کوئی بھی باہمت شخص اپنے انسٹرکٹر کی موجودگی میں اس کھیل کی مشق کر سکتا ہے جس کے لیے چند شرائط ضروری ہیں جن میں لائف جیکٹ اور ہیلمٹ اہم ہے۔
مصعب کا کہنا ہے کہ جب انہیں اس کھیل سے محبت ہو گئی  تو انہوں  نے امریکہ سے سند یافتہ  آفیشل فلائی بورڈ انسٹرکٹر بننے کے لیے دبئی میں اس سےمتعلق کورسز کئے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی فلائنگ بورڈ پرفارمنس سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو تقریبا 2 ماہ قبل جدہ واٹر فرنٹ کی جانب سےرابطہ کیا گیا اور یہاں پرفارم کرنے کا موقع ملا۔

فلائی بورڈنگ کے لیے جسمانی طور پر چستی، طاقت اور حوصلہ درکار ہوتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

میں نے جب سے جدہ واٹر فرنٹ پر فلائنگ بورڈ پرفارمنس شروع کی تو بہت اچھا رسپانس ملا ہے اور اب تک تقریبا 300 سے زائد افراد  ہیں جو اسے آزمانا چاہتے ہیں اور انہوں نے اس کھیل میں شمولیت اختیار کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مصعب فلیمبان سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں، خاص طور پر ٹک ٹاک کے ذریعے وہ چار ماہ میں3 لاکھ سے زیادہ فالورز بنا چکے ہیں۔
مصعب کا کہنا ہے کہ یہ پذیرائی واٹر سپورٹس کا شوق اور اس میں دلچسپی کا بڑا ثبوت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فلائی بورڈنگ کے لیے جسمانی طور پر چستی، طاقت اور حوصلہ درکار ہوتا ہے کیونکہ پانی پر اڑتے ہوئے ایک پائپ کے ذریعے توازن برقرار رکھنا ہے۔ اسے سیکھنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے لیکن یہ کوئی بھی کر سکتا ہے۔
فلائی بورڈنگ ایک تفریحی سرگرمی سمجھی جاتی ہے اور آپ اسے آدھے گھنٹے سے زیادہ نہیں کر سکتے ہیں۔ فلائی بورڈنگ حاصل کرنے کے لیے آدھے گھنٹے کا کرایہ250 ریال ہے۔
گھٹنوں پر دباؤ کی وجہ سے کوئی بھی اس سے زیادہ دیر تک فلائی بورڈنگ نہیں کر سکتا۔
مصعب فیلمبان نے سعودی قومی دن کی تقریبات  کے سلسلے میں جدہ واٹر فرنٹ، ایسٹرن ریجن میں عسیر واٹر فرنٹ کا افتتاح اور بہت سے دلچسپ مواقع میں شرکت کی ہے۔
فلائی بورڈنگ تفریحی کھیل ہے اور وزارت کھیل سعودی نوجوانوں پر توجہ دے رہی ہے کہ وہ اس کھیل کے ذریعے اولمپکس اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے لیے تیاری کریں۔
مصعب کا کہنا ہے کہ کیا آپ اڑنا چاہتے ہیں؟ ہم ایسا کرکے دکھائیں گے۔
 

شیئر: