Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان کا انڈیا سے افغان طلبہ کی سکالرشپس بحال کرنے کا مطالبہ

طالبان نے انڈین حکومت سے افغان طلبہ کی سکالرشپس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق طالبان نے ایک خط میں انڈین حکومت سے افغان طلبہ کے لیے سکالرشپس بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے انڈین حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان افغان طلبہ کے سفر کو ممکن بنایا جا سکے جنہوں نے انڈیا میں سکالر شپس حاصل کر رکھی ہیں۔
قبل ازیں طالبان نے انڈین حکومت سے کابل کے لیے کمرشل پروازیں بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا لیکن انڈیا کی جانب سے اس کا کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ دیگر ممالک کی طرح انڈیا کی جانب سے ابھی تک طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ابھی طالبان کو اس بارے میں جواب دینے کی ’انہیں کوئی جلدی نہیں‘ ہے۔
اسی ہفتے افغانستان میں طالبان کی حکومت نے بین الاقوامی ایئرلائز سے افغانستان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اپیل بھی کی تھی اور کہا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر مسائل ختم  کر دیے گئے ہیں اور وہ بین الاقوامی ایئرلائنز کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
گزشتہ ماہ طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد افغانستان کے لیے بین الاقوامی کمرشل پروازوں نے آپریشن روک دیا تھا۔
ان دنوں افغانستان کے ایئرپورٹس پر محدود تعداد میں امدادی اور مسافر پروازیں پہنچ رہی ہیں لیکن معمول کی کمرشل فلائٹس ابھی تک دوبارہ شروع نہیں ہو سکیں۔

شیئر: