ویکسین کی دو خوراکیں لازمی، 10 اکتوبر کے بعد سفر، نجی و سرکاری اداروں میں داخلے پر پابندی
ویکسین کی دو خوراکیں لازمی، 10 اکتوبر کے بعد سفر، نجی و سرکاری اداروں میں داخلے پر پابندی
جمعہ 1 اکتوبر 2021 15:36
توکلنا پرامیون کا اسٹیٹس چیک کیا جائے گا (فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 10 اکتوبر سے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والوں پر سرکاری و نجی اداروں داخلے کی پابندی عائد کردی جائے گی ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے ـ
اس ضمن میں ایسے افراد ویکسینیشن سے مستثنی ہونگے جن کے ’توکلنا ‘ پرخصوصی استثنا کا اسٹیٹس ظاہر ہو گا ـ مذکورہ زمرے کے علاوہ تمام افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ کورونا سے بچاو کےلیے ویکسین کی دونوں خوراک لگوائیں ـ
ویکسین کی لازمی دوسری خوراک کے حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پابندی کا نفاذ بروز اتوار 10 اکتوبر 2021 صبح 6 بجے سے کیاجائے گا ـ
مذکورہ تاریخ کے بعد ایسے افراد جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لگوائی ہوں گی انہیں تقریبات ، سرکاری و نجی اور تعلیمی اداروں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی علاوہ ازیں ان کے فضائی سفر پر بھی پابندی عائد کی جائے گی ـ
بیان میں میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں خوراکیں نہ لینے والے افراد سیاحتی ، ثقافتی ، تفریحی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے ـ
واضح رہے مملکت میں کورونا سے بچاو کےلیے شہریوں اور غیر ملکیوں کو مفت ویکسین کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اس ضمن میں وزارت صحت کی جانب سے ’توکلنا ‘ اور صحتی ایپ لانچ کی گئی ہے جس پر صارف کا طبی ریکارڈ اور ویکسینیشن کا اسٹیٹس ظاہر ہوتا ہے ـ
وہ افرا د جنہوں نے کورونا کی ایک ہی ویکسین لگوائی ہے توکلنا پر انکا اسٹیٹس ’ایک خوراک ‘ جبکہ دونوں ویکسین لگوانے والوں کے توکلنا اسٹیٹس میں ’دونوں خوراکیں ‘ تحریر ہوتا ہے ـ
وزارت داخلہ کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن 10 اکتوبر کے بعد ایسے افرا دجنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائی وہ مندرجہ بالا سرگرمیوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے نہ ہی عوامی مقامات پر جاسکیں گے ـ