Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں مصنوعی اعضا اور جسمانی بحالی کے مراکز کے لیے معاہدے

معاہدوں سے 8 ہزار سے زیادہ مریضوں کو فائدہ پہنچے گا( فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرنے یمن کے گورنریٹس سيئون، تعز اور عدن میں مصنوعی اعضا اور جسمانی بحالی کے مراکز چلانے کے لیے تین مشترکہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 8 ہزار سے زائد مریضوں کو فائدہ پہنچانے والے ان معاہدوں پر کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل احمد بن علی البایز نے ریاض میں واقع مرکز کے صدر دفتر میں دستخط کیے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ہیلتھ  اور انوائرمنٹ امداد کے شعبے کے ڈائریکٹر عبداللہ المعلم نے کہا کہ ان معاہدوں کے تحت یہ مرکز فالو اپ اپائنمنٹ اور کوریج کے ساتھ خصوصی ضروریات کے حامل افراد کے لیے جسمانی بحالی کی خدمات فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں کا مقصد یمن میں طبی اور تکنیکی کیڈر کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ خصوصی طبی اور تکنیکی عملے کی امیگریشن کو کم کیا جا سکے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

کنگ سلمان ہیومینیٹرین سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔(فوٹو ایس پی اے)

کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

شیئر: