جازان میں موتیا کی سالانہ پیداوار 600 ٹن، مارکیٹ ویلیو 70 ملین ریال
موتیا کے پھولوں سے روایتی ہار اور دیگر آرائشی چیزین تیار کی جاتی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کی مخصوص شناخت خوشبودار پھول ’موتیا‘ (فل) یا عربی جیسمین اب اپنے ثقافتی اور سماجی کردار سے بڑھ کر مقامی زرعی سرمایہ کاری کو بڑھانے والے ایک بیش قیمت تجارتی فصل بن رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جازان کی گرم مرطوب آب و ہوا میں پروان چڑھنے وای سدا بہار جھاڑی پر خوشبو دار پھول کھلتے ہیں۔ بہتر پیداوار کے لیے آبپاشی اور مناسب دھوپ ضروری ہوتی ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان پھولوں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
موتیا کا سائنسی نام ’جیسمین سمبک‘ ہے جسے مقامی طورپر ’ردیمہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے جھاڑی نما پودے کی اونچائی دو سے تین میٹر تک ہوتی ہے۔ اس کے سفید پھول غروبِ آفتاب کے وقت کھلتے ہیں اور صبح تک اپنی خوشبو بکھیرتے رہتے ہیں۔
جازان میں ان پھولوں سے روایتی ہار اور دیگر آرائشی چیزین تیار کی جاتی ہیں۔ یہ پھول شادی و دیگر تقریبات میں مہمانوں کے استقبال کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

جازان جیسمین اینڈ آرومیٹک پلانٹس ایسوسی ایشن کاشتکاروں کو پودے، کھاد اور رہنمائی فراہم کرر ہی ہے۔ جدید زرعی طریقوں کے تحت تربیتی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ مارکیٹنگ کے ذریعے پیداوار کے معیار اور کسانوں کی آمدنی بہتر بنانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے سربراہ انجینئرطارق طعنون کا کہنا ہے ’جازان میں ایک ہزار سے زائد کھیتوں میں تقریبا 5 لاکھ سے زیادہ ’فل‘ کے پودے موجود ہیں۔ سالانہ 600 ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ مارکیٹ کا حجم 70 ملین ریال کے قریب ہے۔

علاقے کے ایک کسان بتایا ’موتیا کے پھول روزانہ دو اوقات میں توڑے جاتے ہیں۔ پہلا وقت صبح سات سے گیارہ تک جبکہ دوسری مرتبہ سہ پہر تین سے شام کے پانچ بجے تک کا وقت مخصوص ہوتا ہے۔ اس روایت پر برسوں سے عمل کیا جارہا ہے جو ہمارے بڑوں سے ہم تک منتقل ہوئی ہے۔‘
کاشتکاروں، کاریگروں اور زرعی امدادی اداروں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے جازان کا جیسمین پائیدار اقتصادی ترقی کے ساتھ علاقائی ورثے کو جوڑنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
