’ممبئی میں 200 شُوٹرز متحرک ہیں‘، امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جان سے مارنے کی دھمکیاں
’ممبئی میں 200 شُوٹرز متحرک ہیں‘، امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جان سے مارنے کی دھمکیاں
پیر 16 نومبر 2026 16:00
خاص طور پر امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے نام لے کر کہا گیا کہ بلٹ پروف شیشہ بھی انہیں تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں گینگسٹر نے دعویٰ کیا کہ دہلی پولیس کی جانب سے اس کے دو ساتھیوں کی گرفتاری کے باوجود اداکار کو نشانہ بنانے کا منصوبہ متاثر نہیں ہوا۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ممبئی میں اس کے قریباً 200 شوٹرز متحرک ہیں۔ پوسٹ میں سکھ برادری کے خلاف بولنے والوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی اور خاص طور پر امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے نام لے کر کہا گیا کہ بلٹ پروف شیشہ بھی انہیں تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا۔
تاہم سوشل میڈیا پوسٹ اور اس میں کیے گئے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یہ دھمکیاں چند روز قبل دہلی پولیس سپیشل سیل کی جانب سے لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو مشتبہ شوٹروں کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق ان افراد کا تعلق امیتابھ بچن کی ممبئی رہائش گاہ جَلسا کے باہر فائرنگ کی مبینہ سازش سے ہو سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت وکاس ٹھاکر عرف وکی، جو جالندھر کے رہائشی ہیں، اور دیپک سنگھ عرف دیپ، جو پنجاب کے ضلع ترن تارن سے تعلق رکھتے ہیں، کے طور پر ہوئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق وکاس ٹھاکر کو دہلی کے ایک تاجر پر فائرنگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ وہ اس مقصد کے لیے ممبئی سے دہلی آیا تھا جبکہ دیپک سنگھ کو بعد میں اس کے ساتھ شامل ہونا تھا۔
گولڈی ڈھلوں کی سوشل میڈیا پوسٹ میں 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ بھی دیا گیا اور کہا گیا کہ ان واقعات کے ذمہ داروں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دنیا میں کہیں بھی سکھ برادری کے خلاف بیانات دینے والوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
پوسٹ میں امیتابھ اور ابھیشیک بچن کا نام لے کر کہا گیا کہ انہیں ان کی سکیورٹی انتظامات کے باوجود نشانہ بنایا جائے گا۔
سکیورٹی ادارے ان دھمکیوں اور مبینہ سازشوں کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ایک ماہ کے دوران امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جَلسا کو تین مختلف بم دھمکی آمیز ای میلز موصول ہو چکی ہیں۔
سکیورٹی خدشات کے باعث یکم نومبر کو امیتابھ بچن اپنے معمول کے اتوار کے عوامی استقبال کے دوران بلٹ پروف شیشے کے پیچھے نظر آئے تھے۔ روایتی طور پر اداکار جَلسا کے باہر موجود مداحوں سے ایک بلند پلیٹ فارم پر کھڑے ہو کر ملاقات کرتے ہیں، تاہم اس بار پلیٹ فارم کو تین اطراف سے شیشے سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔
سکیورٹی ادارے ان دھمکیوں اور مبینہ سازشوں کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔