Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف: ’مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے شکریہ، ہمیشہ یاد رہیں گے‘

عمر شریف کے چاہنے والے ان کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات پوسٹ کر رہے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں کامیڈی کے بادشاہ سمجھے جانے والے عمر شریف کے انتقال پر سوشل میڈیا صارفین دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں جن میں ہر شعبے ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی شامل ہیں۔
علاج کے لیے کراچی سے امریکہ منتقل کیے جانے کے دوران جرمنی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرنے والے عمر شریف کے انتقال کی خبر کچھ ہی دیر میں پاکستان کے سوشل میڈیا پر ان کے نام کے ساتھ ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمر شریف کے انتقال پر اپنے پیغامات میں ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عمر شریف ایک عظیم ادکار تھے۔ حکومت سندھ نے ان کی زندگی بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمر شریف کی دنیائے فن کے لیے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
گلوکار و اداکار علی ظفر نے لکھا کہ ’عمر شریف صاحب کے انتقال پر تعزیت کے لیے الفاظ نہیں رہے۔ ان کی مغفرت اور اہلخانہ کے صبر کے لیے دعاگو ہوں۔‘
صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے لکھا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ دنیا میں قہقہے اور مسکراہٹیں بکھیرنے والے عمر شریف کے سفر آخرت میں آسانیاں پیدا کرے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اپنی تعزیتی ٹویٹ میں لکھا کہ عمر شریف کو کھو دینا افسوسناک ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے لکھا کہ عمر شریف کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنے شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے۔ عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
پاکستان میں جرمن سفیر برنارڈ شلاجک نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کیا تو اسے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

انڈین کامیڈین کپل شرما نے اپنے مختصر پیغام میں عمر شریف کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا ’الوداع لیجنڈ‘۔

کالم نگار شمع جونیجو نے لکھا کہ ’کامیڈی کنگ اب ہم میں نہیں رہے۔ عمر بھائی جرمنی میں چل بسے۔‘
ثنا جاوید نے کہا کہ ’آپ کے قہقہوں کے لیے شکریہ، آپ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔‘
عروسہ سلمان نے ٹویٹ کیا کہ ’واقعی کامیڈی کا بادشاہ چلا گیا۔‘ 
عثمان گجر نامی ٹوئٹر صارف نے عمر شریف کی تصویر پوسٹ کر کے لکھا کہ ’آپ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘

شیئر: