Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف کی تدفین کراچی کے عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں ہو گی

ذشتہ ماہ سٹیج اور ٹی وی کے نامور کامیڈین کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے عمر شریف کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طنز و مزاح کے بے تاج بادشاہ مانے جانے والے اداکار جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ معروف اداکار عمر شریف دل کے عارضے کے علاج کی غرض سے منگل کو بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکہ روانہ ہوئے تھے۔
جرمن ہسپتال کی جانب سے عمر شریف کے انتقال کا سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان کی میت کی پاکستان منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سندھ حکومت کے وزیر برائے اطلاعات و محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ ’مرحوم عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کرنے کے انتظامات سندھ حکومت کر رہی ہے۔‘

سنیچر کو اینکرپرسن وسیم بادامی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمر شریف کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’عمر بھائی ہم میں نہیں رہے۔‘
جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نےاپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گہرے افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ عمر شریف انتقال کر گئے ہیں، ہم ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کرتے ہیں، ہمارے قونصل جنرل ہسپتال میں ان کے خاندان کی ہر طرح سے معاونت کے لیے موجود ہیں۔‘

عمر شریف نے برسوں ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں جو ان کے لیے دعا کی اپیل کر رہے تھے۔
عمر شریف کی طبیعت پیر کو اچانک بگڑ گئی تھی، ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق ڈائیلاسز کے دوران ان کا بلڈ پریشر خاصا کم ہوگیا تھا جس کے بعد عمر شریف کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔
گذشتہ ماہ سٹیج اور ٹی وی کے نامور کامیڈین کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ ویل چیئر پر بیٹھے نظر آ رہے تھے۔ وہ عارضہ قلب، گردے اور دیگر امراض میں مبتلا تھے۔
عمر شریف کے بیٹے نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ان کے والد کو علاج کے لیے امریکہ جانا ہے جس کے لیے انہیں مدد درکار ہے۔
مشہور اداکار کے بیٹے کی اپیل سامنے آنے کے بعد سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے عمر شریف کے علاج کرانے کا اعلان کیا تھا۔
عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 14 برس کی عمر میں سٹیج پر اداکاری شروع کی۔
مزاحیہ سٹیج ڈرامے ان کی وجہ شہرت بنے اور انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
عمر شریف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نگار ایوارڈ اور تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔ 
سوشل میڈیا پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد لیجنڈری اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

شیئر: