Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کون ہیں؟

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اس سے قبل کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر تعینات تھے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے اہم تقرریوں اور تبادلوں کا اعلان کرتے ہوئے مختلف عہدوں کے لیے نئے ذمہ داران کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو افغانستان سے ملحق خیبرپختونخوا اور سانق قبائلی علاقوں کی ذمہ دار گیارہویں کور کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، اس منصب کے لیے کور کمانڈر پشاور کی اصطلاح بھی استعمال کی جاتی ہے۔
ملک کے جنوبی صوبے سندھ سے ملحق عالمی سرحدوں وغیرہ کی ذمہ دار کور کی سربراہی کرنے والے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا ہے۔

نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کون ہیں؟

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نومبر 2020 سے کراچی میں کور کمانڈ کے طور پر تعینات تھے۔ انہیں اس سے دو ماہ قبل ستمبر 2019 میں میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
ندیم احمد انجم کا تعلق پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ سے ہے۔ وہ راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان سے تعلق رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 77 لانگ کورس میں پاس آؤٹ ہوئے تھے۔
وہ کور کمانڈر کراچی سے قبل کمانڈنٹ سٹاف کالج کوئٹہ بھی رہ چکے ہیں اور اس کے علاوہ آئی جی ایف سی بلوچستان کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
وہ بطور بریگیڈیئر کرم ایجنسی (سابق فاٹا) تعینات میں رہے۔ انہوں نے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز برطانیہ، ایشیا پیسیفک سینٹر فار سکیورٹی سٹڈیز ہونولولو امریکہ سے تعلیم حاصل کی۔
بطور بریگیڈیئر، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہنگو میں دو سال بریگیڈ کمانڈر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

شیئر: