Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی 9 سو خلاف ورزیاں

ریکارڈز چیک کرنے پر خلاف ورزیاں سامنے آئیں- (فوٹو زکوۃ و ٹیکس و کسٹم اتھارٹی ٹوئٹر)
زکوۃ و ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف ریجنز کی مارکیٹوں میں ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں پر 9 سو چالان کیےـ 
سبق نیوز کے مطابق محکمے کی مشترکہ ٹیموں نے گزشتہ ایک ہفتے میں 8 ہزار 500 سے زائد تفتیشی دورے کیے تاکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس قانون پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکےـ 
اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں میں دکانوں، تجارتی مراکز اور سپرسٹورز کے مالی ریکارڈز کا معائنہ کیاـ 
معائنہ کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مختلف نوعیت کی خلاف ورزی ریکارڈ کی جن میں دکانداروں کی جانب سے خریداری کی رسید صارفین کو فراہم نہ کرنا تاکہ ویلیوایڈڈ ٹیکس بچایا جاسکےـ علاوہ ازیں رسیدوں پرٹیکس سیریل نمبر کا اندراج نہ کرنا اور سادی رسیدوں پر صارفین سے ٹیکس کی مد میں رقم وصول کرنا بھی شامل تھاـ 
اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے پرچون فروشوں، ہوٹلوں، مختلف نوعیت کی خدمات پیش کرنے والے ادارے اور شعبہ تعمیرات کے مالی ریکارڈز کے معائنہ کے دوران خلاف ورزیاں نوٹ کیں-
دریں اثنا اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگرکہیں بھی ٹیکس قانون کی خلاف ورزی ہوتے دیکھیں تو اس بارے میں فوری طورپر ادارے کی ویب سائٹ پر مطلع کریں یا سمارٹ فون پر موجود ایپ استعمال کرتے ہوئے خلاف ورزی کی نشاندہی کی جائے- اس ضمن میں اتھارٹی کی جانب سے درست اور مصدقہ اطلاع دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: