Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع والے حصے میں نماز کی جگہ مکمل بحال

نماز جمعہ کے لیے مسجد الحرام کے 36 دروازے کھولے گئے تھے(فوٹو ایس پی اے)
 مسجد الحرام کے ماتحت زائرین کو منظم کرنے والے ادارے کے انچارج انجینیئر اسامہ بن منصور الحجیلی کا کہنا ہے کہ نماز جمعہ کے لیے مسجد الحرام کے 36 دروازے کھولے گئے تھے۔
اس کے علاوہ معذوروں اور بزرگوں کے لیے آنے جانے کے راستے خصوصی طور پر مختص تھے تاکہ معذور اور بزرگ وہیل چیئر کے ذریعے آسانی سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الحجیلی نے بتایا کہ مسجد الحرام زائرین کے لیے تین دروازے جبکہ باقی نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے مختص تھے۔ اسی طرح تیسری سعودی توسیع والے حصے میں بھی نماز کی جگہ مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔
الحجیلی نے مزید بتایا کہ طواف کے لیے 26 لائنیں بنائی گئی تھیں تاکہ تمام افراد آسانی سے اور حفاظت کے ساتھ اپنے شعائر کی ادائیگی مکمل کرسکیں۔
انجینیئر اسامہ بن منصور الحجیلی کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے 870 اہلکار تعینات کیے گئے تھے جو اپنے وقت کے مطابق ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نماز جمعہ میں خدمات کے حوالے سے جو پلان تشکیل دیا گیا تھا اس کے لیے 440 اہلکار تعینات تھے جس میں سے 180 اہلکار نماز کی ادائیگی والے حصے میں تعینات تھے جبکہ مسجد الحرام آنے والی زائر خواتین کی خدمت کے لیے 250 خواتین اہلکارمقرر تھیں۔

شیئر: