Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بل گیٹس کو 2008 میں خاتون کو نازیبا ای میلز کرنے پر متنبہ کیا گیا

بل گیٹس 2008 میں مائیکروسافٹ کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو 2008 میں اس وقت تنبیہ کی گئی تھی جب یہ بات منظرِ عام پر آئی کہ انہوں نے اپنے سٹاف میں ایک خاتون کو نازیبا ای میلز کی تھیں۔
واضح رہے کہ بل گیٹس نے کمپنی کو 2020 میں اسی لیے چھوڑا تھا کیونکہ 20 سال قبل مائیکروسافٹ کی ایک ملازم کے ان کے ساتھ افیئر کی بات منظر عام پر آ گئی تھی۔
تاہم وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق، جس کی تصدیق خبر رساں ادارے اے ایف پی کو مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے کی ہے، 2007 میں بل گیٹس نے سٹاف کی ایک خاتون کے ساتھ نامناسب گفتگو کی تھی اور انہیں دفتر سے باہر ملنے کی دعوت دی تھی۔
اس کے بعد کمپنی ان کی ای میلز سے آگاہ ہوئی تھی اور افسران نے بل گیٹس کو کہا تھا کہ ان کی بھیجی گئی ای میلز نازیبا ہیں اور وہ مستقبل میں ایسا نہ کریں۔
امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کے مطابق بل گیٹس نے ای میلز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دوبارہ ایسا نہیں کریں گے۔
مائیکروسافٹ کے بورڈ کو اس بارے میں بتایا گیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔
تاہم پیر کو مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’مائیکروسافٹ کے پاس وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کی تصدیق کے علاوہ کچھ کہنے کو نہیں ہے۔‘
بل گیٹس 2008 میں مائیکروسافٹ کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے اور مارچ 2020 تک کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل تھے۔
بل گیٹس، جن کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے، اور میلنڈا گیٹس نے شادی کے 27 سال بعد رواں برس مئی میں اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: