Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیڈبری اشتہار: ’شاہ رخ خان سے محبت کرنے کی ایک اور وجہ‘

برطانوی چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کیڈبری نے انڈیا میں دیوالی کے موقع پر ایک اشتہار بنایا ہے جس کا مقصد دیوالی کے تہوار کے موقع پر چھوٹے کاروباری حضرات کی مدد کرنا ہے اور اس اشتہار کے لیے انہوں نے انتخاب کیا انڈیا کے سب سے بڑے سٹار شاہ رخ خان کا۔
دنیا بھر کی طرح انڈیا میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران لگنے والے لاک ڈاؤن نے چھوٹے کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔
اس اشتہار میں ایک دکاندار کہتے ہیں کہ ’یہ لاک ڈاؤن میری زندگی کا ایک مشکل وقت تھا، میرا مطلب ہے کہ میں نے برا وقت تو پہلے بھی دیکھا ہے لیکن یہ وقت بدترین تھا۔‘
برطانوی کمپنی کا اشتہار میں کہنا ہے کہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کرنے کے لیے انہوں نے ’انڈیا کے سب سے بڑانڈ ایمبیسیڈر‘ شاہ رخ خان کو ان کاروباری افراد کا برانڈ ایمبیسیڈر بنا دیا ہے۔
اس اشتہار میں شاہ رخ خان لوگوں کو یہ ترغیب دے رہے ہیں کہ وہ اپنی دیوالی کے کپڑے، جوتے، موبائل اور مٹھائی وغیرہ اپنے گھر سے قریب والی دکانوں سے خریدیں۔
کیڈبری کے اس اشتہار کو سوشل میڈیا پر بھی بے پناہ پزیرائی مل رہی ہے۔
مشہور انڈین اداکارہ ہما قریشی نے اس اشتہار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا خوبصورت اشتہار ہے! دیوالی سب کی میٹھی ہونی چاہیے۔ اپنے نزدیک چھوٹے اور لوکل کاروبار کو سپورٹ کریں۔‘
انڈین ٹی وی اور فلم کی اداکارہ شروتی سیٹھ نے یہ اشتہار شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ’ایک اور وجہ ہے کیڈبری اور شاہ رخ خان سے محبت کرنے کی۔‘

ٹوئٹر صارف منوج کیولرامانی نے لکھا کہ اس اشتہار میں شاہ رخ خان اور کیڈبری کا تال میل بہت سمارٹ تھا اور انہوں نے بھی بالی وڈ میں کنگ خان کہلائے جانے والے اداکار سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مانڈوی گایتری شرما نامی صارف نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان وہ دل ہیں جو لاکھوں لوگوں کو مسکراہٹ دیتے ہیں۔‘

شاہ رخ خان آج کل ذاتی زندگی میں مشکلات کا شکار ہیں جس کی وجہ ان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری ہے اور وہ اب بھی جیل میں بند ہیں۔
ڈاکٹر اشیش گپتا نامی صارف نے اس اشتہار میں شاہ رخ خان کو لینے پر کیڈبری پر تنقید کرنے ہوئے کہا کہ ’کیڈبری کو اپنے برانڈ کے فروغ کے لیے منشیات کیس کے ایک ملزم کے خاندان کی ضرورت ہے۔ کیا اس طرح وہ معاشرے میں منشیات کو فروغ دے رہے ہیں۔‘

شیئر: