Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔ (فوٹو: پاکستان دفتر خارجہ)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی کی سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ منگل کو ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سفارتخانے کے سینئیر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ یہ خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر اپنانے میں مدد ملے گی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رواں سال نیویارک اور اسلام آباد میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شیئر: