سعودی عرب کی بحرین پر بار بار ایرانی حملوں کی شدید مذمت
بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔( فائل فوٹو)
سعودی عرب نے بحرین پر ایران کے بار بار ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا یہ حملے امن کوششوں، خطے اور عوام کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات کو سبوتاژ کرتے ہیں۔
بیان میں مملکت نے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ منامہ کو اپنی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اقدامات کا حق حاصل ہے۔
ریاض نے خطے کے ممالک کے خلاف ایران کے تمام صریح حملوں کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا۔ امن کے حصول اور مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کے لیے سفاررتی کوششوں کو موقع دیے جانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
بحرین کی فوج نے منگل کو کہا تھا کہ اس نے مملکت کو نشانہ بنانے والے ایران کے متعدد فضائی حملوں کو کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا۔

بحرینی فوج کے مطابق ان حملوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اس نے بحرین میں نصب امریکی ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
