Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کلاک ٹاور نے مزید دو گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے

نئے اعزازات کے بعد اس ٹاور کے نام کم از کم پانچ ریکارڈ ہو گئے ( فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن فار مکہ سٹی اور مقدس مقامات نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دو نئے عالمی سنگ میل عبور کیے ہیں۔
کلاک ٹاور کے لیے دو گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔ ان میں ایک عمارت کے اندر دنیا کا بلند ترین میوزیم اور دنیا کا بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق پہلے ریکارڈ کے تحت مکہ کلاک ٹاور میوزیم کو کسی عمارت میں موجود بلند ترین میوزیم کے طور پر تسلیم کیا گیا جو زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
جبکہ دوسرے ریکارڈ کا تعلق دنیا کے بلند ترین آبزرویشن ڈیک سے ہے جو مکہ کلاک ٹاور کمپلیکس میں 560.875 میٹر کی بلندی پر موجود ہے۔ اس ڈیک سے مسجد الحرام اور مقدس شہر کا پینورامک منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ میوزیم مئی 2019 کو زائرین کے لیے کھولا گیا تھا اور یہ ٹاور کی اوپر کی چار منزلوں پر واقع ہے۔ میوزیم کے مختلف حصوں اور نمائش میں گھڑیوں کے ذریعے وقت کی پیمائش کی تاریخ کے ساتھ کائنات اور کہکشاؤں سے مکہ کلاک تک سفر کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔
601 میٹر بلند یہ ٹاور 2012 میں مکمل ہوا اور یہ مسجد الحرام کے قریب واقع ابراج البیت کمپلیکس کا حصہ ہے جو سات ٹاورز پر مشتمل ہے۔ گھڑی کے اوپر نصب 71 میٹر بلند مینار اس عمارت کی کل اونچائی کو مکمل کرتا ہے۔

اس ٹاور پر ایک جیسی چار گھڑیاں نصب ہیں جن میں ہر ایک کا قطر 43 میٹر ہے۔  یہ قطر لندن کے الزبتھ ٹاور (بگ بین) پر لگی گھڑیوں کے قطر سے تقریبا چھ گنا زیادہ ہے۔
  گنیز نے 28 نومبر 2011 کو گھڑی کے ڈائل سے متعلق اس ریکارڈ کو تسلیم کیا تھا۔ میوزیم اور آبزرویشن ڈیک کے ریکارڈز میں شامل ہونے کے بعد اس ٹاور کے نام کم از کم پانچ ریکارڈ ہو گئے۔ اس کے موجودہ اعزازت میں دنیا کا بلند ترین کلاک ٹاور، سب سے بڑا گھڑی کا ڈائل اور سب سے اونچائی پر واقع گھڑی کا ڈائل شامل ہیں۔

رائل کمیشن کا کہنا ہے یہ اعزازات مکہ مکرمہ کے اہم مقامات کو ترقی دینے اور سہولتوں کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ اقدام مقدس شہر کے تاریخی، سائنسی اور تعمیراتی اثاثوں کو سے فائدہ اٹھانے، زائرین کے تجربات کو مزید بہتر بنانے اور اس شہر کی حیثیت کو ایک ایسے عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے جہاں روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔

 

 

 

شیئر: