سندھ کی زبردستی تقسیم سے کراچی میں خونریزی اور بدامنی ہو گی: بلاول بھٹو زرداری
سندھ کی زبردستی تقسیم سے کراچی میں خونریزی اور بدامنی ہو گی: بلاول بھٹو زرداری
منگل 17 نومبر 2026 17:11
بلاول بھٹو نے کہا کہ محسن نقوی اگر واقعی نیا صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے پاس ہر صوبے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ووٹ موجود ہیں (فوٹو: بلاول بھٹو ایکس)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کی زبردستی تقسیم سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ شہر میں خونریزی اور بدامنی کے خدشات پیدا ہوں گے، اور سندھ کی زبردستی تقسیم سے معاشرے میں نئی خلیج اور نفرتیں جنم لیں گی۔
منگل کو کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم سے دشمنی بڑھے گی عام آدمی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ سندھ کی تقسیم کے نتیجے میں خون خرابہ صرف کراچی نہیں بلکہ حیدرآباد میرپورخاص ٹنڈوالہ یار اور نوابشاہ تک پھیل سکتا ہے۔
ان کے مطابق پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات اور آئین و قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، مخالفت صرف اس بات کی ہے کہ عوام کی مرضی کے بغیر زبردستی صوبے تقسیم نہ کیے جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا اور قتل و غارت گری ہوئی ایسے حالات دوبارہ پیدا نہیں ہونے چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم آج تک غیر جمہوری مقاصد کے لیے کرائے گئے جمہوری عمل کے لیے نہیں، ریفرنڈم کی تجویز دینا آئینی طریقہ کار سے ہٹنے کی بات ہے پیپلز پارٹی غیر آئینی راستے کا ساتھ کیسے دے سکتی ہے؟ صوبے کے قیام یا تقسیم کے لیے آئین اور قانون میں طریقہ کار موجود ہے، اسی کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔ کسی بھی غیر آئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ محسن (نقوی) بھائی اگر واقعی نیا صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے پاس ہر صوبے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ووٹ موجود ہیں۔ نئے صوبے بنانے ہیں تو آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کیوں نہیں کیا جا رہا؟
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ خود نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں اور پھر پوچھتے ہیں کہ نظام کیوں تباہ ہوا، سسٹم تباہ ہے، اگر ہے تو وجہ تلاش کی جائے۔ سسٹم کو تباہ کروایا گیا، سسٹم کی تباہی کا میں بھی ذمہ دار ہوں، سسٹم کو سیاسی طور پر ری سیٹ کرنا ہوگا، ادارے اپنا اعتماد کھو بیٹھے ہیں اس کو بحال کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان پر اعتماد بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی ملک کا سیاسی سٹیک ہولڈر اور سیاسی حقیقت ہے۔ پسند ہو یا نہ ہو پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے اپنا گھر درست کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے انتخابی اعتراضات کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے (فوٹو: اے ایف پی)
’جتنا سیاسی انتقام لینا تھا لے لیا اب ملک کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا، اب کم از کم سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کردینی چاہئیں پاکستان کی سیاست میں سیاسی انتقام کی روایت ختم کرنا ہوگی، سیاسی انتقام کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہونا چاہیے، پارلیمان کے ارکان کو آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے۔ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا آج نہیں تو کل ایسا کرنا پڑے گا، ماضی کی زیادتیوں کا نیک نیتی سے ازالہ کرکے اپوزیشن کا اعتماد جلد بحال کیا جاسکتا ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے انتخابی اعتراضات کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے، گزشتہ انتخابات پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لینا ہوگا، اپنی 20 سالہ سیاسی زندگی میں پہلی بار دیکھا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی نمائندے بھی دھاندلی کا اعتراف کررہے ہیں۔