Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈرٹی بم کا حملہ‘، ممکنہ ایرانی خطرے کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہے ہیں: صدر ٹرمپ

عرب نیوز کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی کسی دوسرے ملک نے کبھی نہیں چکائی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی حکام واشنگٹن کو لاحق کسی بھی ممکنہ ایرانی خطرے کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا رپورٹس میں ایران کی جانب سے مبینہ طور پر ’ڈرٹی بم‘ حملے کے منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی کسی دوسرے ملک نے کبھی نہیں چکائی۔ ہم اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں کیونکہ وہ لوگ غیر متوقع رویہ رکھتے ہیں۔‘
سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق نئی امریکی انٹیلی جنس اطلاعات سے پتا چلتا ہے کہ ایران واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے سینیئر عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے مبینہ طور پر ڈرٹی بم یا کیمیائی حملے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبے فوری حملے کی نشاندہی نہیں کرتے بلکہ تہران کے لیے ممکنہ آپشنز کے طور پر زیر غور ہیں۔ تاہم انٹیلی جنس معلومات میں مخصوص مقامات اور ممکنہ اہداف کا ذکر موجود ہے، جس کے بعد امریکی حکام نے ہنگامی منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔
امریکی حکام ان اطلاعات کو اس بات کا عندیہ سمجھتے ہیں کہ ایران، جاری امریکی فوجی حملوں اور معاشی ناکہ بندی کے تناظر میں، کشیدگی بڑھانے کے امکانات پر غور کر رہا ہے۔
تاہم رپورٹ کے مطابق اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ تہران نے کسی حملے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی حکام کے درمیان اس بات پر بھی اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران کے پاس ایسے حملے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے درکار نیٹ ورک یا افرادی قوت موجود ہے یا نہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بس نے کہا کہ انتظامیہ تمام ممکنہ خطرات کی نگرانی کر رہی ہے، تاہم فی الحال امریکی سرزمین کو کوئی ’قابلِ اعتبار اور فوری خطرہ‘ لاحق نہیں ہے۔

 

شیئر: