جازان کے جنگلات: پودوں کی 566 اقسام، 2 کروڑ 79 لاکھ درخت لگائے جا چکے
جازان ریجن کے جنگلات کا رقبہ 2 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن اپنے قدرتی حسن اور نباتاتی تنوع کے باعث غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں پہاڑوں، وادیوں اور ساحلی علاقوں میں موجود جنگلات سیاحت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ خطہ مقامی پودوں کی 566 اقسام کا مسکن ہے جو مملکت کے مجموعی نباتاتی تنوع کا 24.74 فیصد بنتا ہے۔ جازان ریجن کے جنگلات کا رقبہ 2 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہے جو خطے کے کل رقبے کا 19.9 فیصد ہے۔
نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزر ٹیفیکیشن کی جانب سبزے میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات پر عمل کیا جارہا ہے جس سے نباتات، چراگاہوں اور جنگلات کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
سینٹر کی جانب سے ریجن میں 22 قومی پارکوں کو سیاحوں کے لیے بہتر اور معیاری سہولتوں سے آراستہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان پارکوں کا مجموعی رقبہ 26 ہزار 221 ہیکٹر کے قریب ہے۔

پارکوں میں دستیاب سہولتوں کو بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ سیاحوں اور وزیٹرز کو سہولت مل سکے۔ وادی ’لجب‘ نیشنل پارک کا قیام اور 21 مقامات پر موسمی بنیادوں پر سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
جنگلات کے پائیدار انتظام اور تحفظ کےلیے جازان یونیورسٹی اور ایک نجی فلاحی ادارے کے اشتراک سے منفرد اقدام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد تحقیقی مہارت اور عملی تجربات کو یکجا کرکے جنگلات کے انتظام کو موثر بنانا ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرتے ہوئے نباتاتی غلاف کی نگرانی، معلومات کا تجزیہ اور ماحولیاتی امور میں معاونت کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

تحقیقی مطالعات کے مطابق جازان میں نباتاتی تنوع کی 377 اقسام جڑی بوٹیوں، 86 جھاڑیوں، 49 درختوں اور 54 نیم جھاڑی نما پودوں پر مشتمل ہیں۔ ان پودوں میں سات مقامی اقسام ایسی بھی ہیں جو دنیا بھر میں صرف اسی خطے میں ہی پائی جاتی ہیں جبکہ 12 نایاب اقسام بھی ہیں۔
نیشنل گرینگ پروگرام کے شراکت داروں کے تعاون سے اب تک تقریبا 2 کروڑ 79 لاکھ درخت لگائے جاچکے ہیں جو وژن 2030 کے مقرر کردہ ہدف سے کہیں زیادہ ہیں۔

تحقیقی مرکز میں مینگرووزکے درخت، جنگلی درخت، ساحلی اور پہاڑی درختوں کے تحفظ کے لیے جینیاتی خصوصیات اور کاربن سے متعلق مطالعات کیے جائیں گے۔ اس سے جنگل کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور ماحولیاتی مسائل کے موثر حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
